Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آزادی مارچ‘ کا قافلہ پنجاب میں داخل

آزادی مارچ کا قافلہ کوٹ سبزل کے مقام پر پنجاب کی حدود میں داخل ہوا۔ فوٹو ٹوئٹر
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ’آزادی مارچ‘ کا قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔
مارچ کی قیادت جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں جس میں پارٹی کارکنان اور سپورٹرز کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے ممبران بھی شریک ہیں۔
مارچ کا آغاز اتوار کو کراچی سے ہوا تھا۔ مارچ کے شرکا اتوار کو رات گئے سکھر پہنچ گئے تھے۔
سکھر میں رات قیام کرنے کے بعد مارچ کا قافلہ پیر کو اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا۔

جمعیت علمائے اسلام  کے کارکنان کا قافلہ بلوچستان کے صوبائی کی قیادت میں کوئٹہ سے ملتان پہنچ گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

آزادی مارچ کا قافلہ پیر کی رات کوٹ سبزل کے مقام پر پنجاب کی حدود میں داخل ہوا جہاں جے یو آئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمن نے قافلے کا استقبال کیا۔
اس سے قبل سکھر میں روانگی سے پہلے مولانا فضل الرحمان نے وہاں ایک جلسہ عام  سے خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ ’آزادی مارچ‘ آگے بڑھتا رہے گا اور اب پیچھے ہٹنے کی کوئی گنجائش نہیں۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام  کے کارکنان کا قافلہ بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کی قیادت میں کوئٹہ سے ملتان پہنچ گیا ہے۔
بلوچستان سے ’آزادی مارچ‘ کا قافلہ اتوار کو قلعہ سیف اللہ، لورالائی سے ہوتا ہوا رات گئے موسیٰ خیل پہنچا تھا۔
موسیٰ خیل میں ’آزادی مارچ‘ کے قافلے نے کنگری کرکٹ اسٹیڈیم میں رات کو قیام کیا اور صبح ناشتے کے ڈیرہ غازی خان کی جانب روانہ ہوگیا۔ بلوچستان سے آنے والے قافلے میں اپوزیشن جماعتوں پشتونخواہ میپ، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے بھی سیکڑوں کارکن شریک ہیں۔
شیڈول کے مطابق ’آزادی مارچ‘ کے شرکاء 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظا میہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق جے یو آئی پشاور موڑ کے ساتھ اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی ۔ معاہدے کے مطابق حکومت جلسے کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔

شیئر: