Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابا گرو نانک کا 550 واں جنم دن، یادگاری سکہ جاری

ننکانہ صاحب بابا گرو نانک کی جائے پیدائش ہے
پاکستان نے سکھوں کے پہلے گرو بابا گرو نانک دیو کے 550 ویں جنم دن کی مناسبت سے 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا ہے۔
اس یادگاری سکے کے ایک جانب ننکانہ صاحب میں واقع گرودوارہ جنم استھان کا عکس ہے، جو گرو نانک دیو کی جائے پیدائش ہے۔ جبکہ دوسری طرف اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے۔
سکے پر گرونانک دیوجی 1469-2019 کے الفاظ بھی درج ہیں
پاکستان پوسٹ کی جانب سے اسی حوالے سے آٹھ روپے کا ایک یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سکھوں کے پہلے گرو بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ گذشتہ ہفتے نارووال ضلع میں واقع گردوارہ دربار صاحب کرتارپور تک انڈین شہریوں کو بغیر ویزے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے راہداری کھولنے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے اور نو نومبر کو اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔
کرتار پور راہداری پاکستان کے ضلع نارووال کے گاؤں کرتار پور اور انڈیا کے ضلع گورداس پور کے علاقے نانک صاحب کے درمیان راستے کو کہا جاتا ہے۔ ڈیرہ نانک صاحب اور گوردوارہ کرتار پور کے درمیان قریباً چار کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ سکھ برادری اسے کھولنے کا مطالبہ عرصہ دراز سے کر رہی تھی۔
گردوارہ دربار صاحب کرتار پور بابا گرونانک کی آخری آرام گاہ ہونے کی وجہ سے انڈیا اور دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کا مقدس ترین مقام ہے۔
اسی سلسلے میں پیر کو وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں گرونانک یونیورسٹی کا بھی سنگ بنیاد رکھا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: