Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ریاض معاہدے‘ کا سلامتی کونسل کی جانب سے خیر مقدم

امریکی صدر ٹرمپ نے ریاض معاہدے کو بہت اچھی شروعات قرار دیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
یمن کی آئینی حکومت او رجنوبی عبوری کونسل کے درمیان ’ریاض معاہدے‘ کا عرب ممالک، بین الاقوامی برادری اور مسلم دنیا نے خیر مقدم کیا ہے اور اسے یمن اور خطے کے دشمنوں کے خلاف نئی تاریخ کی شروعات کا نام دیا جارہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ریاض معاہدے کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یمن کے جامع سیاسی حل کی جہت میں اہم اور مثبت قدم ہے۔ سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق ریاض معاہدہ طے کرانے کے لیے ثالثی پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کیا اور تاکید کی کہ اقوام متحدہ کا ایلچی برائے یمن اہل یمن کے درمیان مکالمہ شروع کرانے میں اپنا کردارادا کرے گا۔ سلامتی کونسل نے یمن کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کی پالیسی برقرار رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

امارات نے ریاض معاہدے کو تاریخی قرار دیا ہے۔ فوٹو العربیہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاض معاہدے کو بہت اچھی شروعات قراردیا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ حتمی معاہدے پر سنجیدگی سے کام کریں۔
یورپی یونین نے ریاض معاہدے کو خطے میں قیام امن کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے ترجمان نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس کی بدولت یمن اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ یورپی یونین نے تمام فریقوں کو اقوام متحدہ کے تحت بامقصد امن مذاکرات شروع کرنے کی ترغیب دی۔
برطانیہ نے یمن اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی مساعی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض معاہدے پر دستخط سے یمن میں جامع سیاسی حل تک رسائی کی سبیل پیدا ہوگئی ہے۔ یہ اہم اقدام ہے۔
عرب لیگ نے ریاض معاہدے کو یمن کے چپے چپے کے تحفظ کی جہت میں اہم پیشرفت بتایا۔ سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدہ یمن کے چپے چپے کے تحفظ کی جہت میں اہم پیشرفت ہے۔ اسکی بدولت یمن مزید تفرقے اور انتشار کی طرف جانے سے بچ جائے گا۔

یورپی یونین نے ریاض معاہدے کو قیام امن کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا۔ فوٹوعرب نیوز

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا ہے کہ اس معاہدے سے یمن میں امن و استحکام کو تقویت حاصل ہوگی اور پورا یمن حوثیوں کے خلاف صف بستہ ہوجائے گا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے کہا ہے کہ ریاض معاہدہ یمن میں امن واستحکام کے تحفظ کے لیے اہم تاریخی عمل ہے۔ انہوں نے اس تاریخی معاہدے کے سلسلے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت سعودی عرب کی سنجیدہ مساعی کو سراہا ہے۔
اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن مارٹن گریوتھ نے کہا ہے کہ ریاض معاہدے نے آئندہ مرحلے کا روڈ میپ متعین کردیا ہے۔ اس کی بدولت یمنی تنازعے کے پرامن حل تک رسائی کے لیے مشترکہ جدوجہد کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔

امیر کویت شیخ صباح الاحمد نے ریاض معاہدے پر شاہ سلمان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ فوٹو الشرق الاوسط

عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر مشعل السلمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اہل یمن کو متحد کرنے ، وہاں خونریزی بند کرانے اور یمن کے دشمنوں کے خلاف انہیں صف بستہ کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ثابت کردیا ہے۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ یہ عظیم کارنامہ ہے۔ اس سے یمن کا اتحاد مضبوط اور اس کا استحکام راسخ ہوگا۔ 
امیر کویت شیخ صباح الاحمد نے ریاض معاہدے پر شاہ سلمان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ امارات نے یمنی عوام کے وسیع تر مفاد کے لیے بھرپور تعاون کا پیغام دیتے ہوئے اسے تاریخی معاہدے سے تعبیرکیا۔
                         
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: