Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کارونجھر کی پہاڑیوں کو بچانے کی اپیل

کارونجھر کی پہاڑیاں قریباً 19 کلومیٹر طویل سلسلے کا حصہ ہیں اور ان کی اونچائی 305 میٹر تک ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
اس وقت سوشل میڈیا پر سندھ کی خوبصورت کارونجھر پہاڑیوں کا ذکر چھڑا ہوا ہے لیکن اس کا تذکرہ اس حسین پہاڑی سلسلے کو بچانے کے لیے ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین ’سیو کارونجھر، سیو سندھ‘ یعنی ’کارونجھر کو بچاؤ سندھ کو بچاؤ‘کا ہیش ٹیگ چلا رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ کمپنیاں اور لوگ تھرپارکر کے علاقے میں واقع ان خوبصورت پہاڑیوں کو اپنی منافع خوری کا نشانہ بنا کر تباہ و برباد کر رہے ہیں۔
کارونجھر کی پہاڑیاں قریباً 19 کلومیٹر طویل سلسلے کا حصہ ہیں اور ان کی چوٹی کی اونچائی 305 میٹر تک ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ نہایت خوبصورت پہاڑی سلسلہ ہے جو ہزار سالہ تہذیب کے ارتقا کا حاصل ہے۔
دانش نامی صارف نے ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ لکھا ہے کہ کچھ لوگ نا صرف یہاں پہاڑ کاٹ رہے ہیں بلکہ یہاں بسنے والی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے شدید ماحولیاتی تبدیلی رونما ہو گی۔

سعید سانگری نامی صارف نے ایک ویڈیو بھی اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ان پہاڑیوں سے پتھر نکالنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔
کہا جا رہا ہے کہ گرینائٹ کی موجودگی کے باعث ان پہاڑوں کو کاٹا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہاں ڈیم بنانے کی بھی تیاری ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: