Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رشتے واقعی آسمانوں پر طے ہوتے ہیں‘

محمد نے بچوں کی بہتر پرورش کے لیے دوسری شادی کا پروگرام بنایا۔ فائل فوٹو
روزمرہ کی زندگی میں انسان کبھی کبھار ایسے واقعات دیکھتا، سنتا اور برتتا ہے جو بظاہر فلموں اور افسانوں میں پڑھنے اور دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ واقعہ الجزائری نژاد فرانسیسی نوجوان کے ساتھ ہوا۔ اسے پڑھ کر شروع میں یہی لگتا ہے کہ یہ حقیقت نہیں ہوسکتا۔ یہ تو کوئی افسانہ ہے مگر سچ یہی ہے کہ فرانسیسی نوجوان کا یہ واقعہ افسانہ نہیں حقیقت ہے۔
البیان اخبار کے مطابق 45 سالہ فرانسیسی شہری محمد کی اہلیہ کا دو برس قبل انتقال ہوگیا تھا۔ وہ دو بچوں کا باپ تھا۔ اس نے اپنے بچوں کی بہتر پرورش کے لیے دوسری شادی کا پروگرام بنایا۔ بچوں کی عمریں پانچ برس سے زیادہ نہیں تھیں۔

بیٹی کی شادی ہونے کے بعد ماں نے رضامندی ظاہر کی۔ فائل فوٹو

فرانسیسی شہری نے الجزائر میں موجود اپنے اعزہ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہمارے یہا ں فرح نام کی ایک لڑکی ہے وہ الجزائر کے دارالحکومت میں سکونت پذیر ہے۔ اس کے باپ کا انتقال ہوچکا ہے۔ اس کی عمر 19برس ہے۔ تمہاری رفیق حیات کے طور پر مناسب ثابت ہوگی۔
45 سالہ محمد نے یہ سنتے ہی الجزائر کے سفر کا پروگرام بنالیا۔ وہاں اس کی حقیقی بہن کا گھر تھا۔ محمد بچپن ہی سے پیرس میں رہا تھا۔ اس نے بہن کے توسط سے فرح کا رشتہ مانگنے کے لیے اس کی ماں سے وقت لیا اور اس کے گھر پہنچ گیا۔محمد کو فرح کی تصویر پسند آگئی تھی۔
منظر نامہ اس وقت یکایک بدل گیا جب اس نے فرح کو اپنے سامنے دیکھا۔ اسے وہ پسند نہیں آئی۔ فرح کی 40 سالہ ماں اسے بہت اچھی لگی۔ وہ بے حد خوبصورت تھی۔ وہ اس کے حسن سے انتہا درجے متاثر ہوگیا۔
45 سالہ محمدکو اپنے دل کی بات کہنے میں ادنی تردد نہیں ہوتا۔ وہ لڑکی کی ماں کو دیکھ کر یہ کہہ بیٹھا کہ مجھے جس خاتون کی تلاش تھی وہ مجھے مل گئی۔ میں اپنے بچوں کی پرورش کے لیے جس قسم کی خاتون کو اپنا شریک حیات بنانے کے خواب دیکھ رہا تھا وہ مجھے حاصل ہوگئی ہے۔ اسی کے ساتھ محمد نے فرح کی ماں سے صاف الفاظ میں یہ کہہ دیا کہ میں آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ یہ سنتے ہی خاتون طیش میں آگئی اور اس نے اسے اپنے گھر سے بھگا دیا۔ اس نے کہا کہ نہ میں تمہیں اپنی بیٹی دے سکتی ہوں اور نہ ہی میں تمہاری بیوی بن سکتی ہوں۔ تم تو مجھے ذہنی مریض لگتے ہو۔

 فرانسیسی نوجوان کا یہ واقعہ افسانہ نہیں حقیقت ہے۔فوٹو البیان

محمد واپس آگیا لیکن نہ جانے اسے کیوں یقین تھا کہ وہ فرح کی ماں کو اپنا شریک حیات بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ اس نے اپنی بہن کو رشتے کے دوبارہ بھیجا۔ فرح کی ماں نے اسے بھی واپس کردیا۔ بالاخر محمد پیرس واپس چلا گیا۔ آخر میں اس کے ذہن نے اسے ایک نئی راہ دکھائی۔
محمد کے پاس فرح کی تصویر تھی اس نے اپنے 30 سالہ پڑوسی حسن کو جو رفیق حیات کا متلاشی تھا وہ تصویر دکھائی ۔ محمد نے فرح کے حسن اور اس کے اچھے اخلاق اور اطوار کی خوب تعریف کی۔
 حسن رشتے کے لیے فوراً پیرس سے الجزائر پہنچا۔ رشتہ طے پاگیا۔ فرح سے حسن کی شادی ہوگئی اور وہ اسے اپنے ہمراہ لے کر پیرس آگیا۔
محمد نے فرح کی ماں سے رابطہ کرکے پورا قصہ سنایا کہ فرح سے حسن کی شادی اسی نے کرائی ہے۔ اس مقصد کے لیے اس نے کیا کچھ کیا اس کی تفصیلات بھی فرح کی ماں کو سنا دیں۔
فرح کی ماں محمد کے سچے پیار کے سامنے ڈھیر ہوگئی اور بالاخر اس نے اس کی بیوی بننا قبول کرلیا۔ فرح کی شادی کے ٹھیک ایک ماہ بعد محمد اسے بیاہ کر پیرس لے آیا۔ حسن اتفاق دیکھیں کہ جس عمارت میں حسن اپنی بیوی فرح کے ساتھ سکونت پذیر تھا اسی عمارت کے ایک دوسرے فلیٹ میں محمد نے بھی فلیٹ حاصل کیا اور اب ماں بیٹی حسن اور محمد ایک دوسرے کے پڑوسی بنے ہوئے ہیں۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: