Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ پر اسرائیلی حملے میں 32 افراد ہلاک

اسرائیلی جنگی طیاروں نے تین دن غزہ کی پٹی پر حملے کیے۔ فوٹو: روئٹر
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق تین دن سے جاری اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 70 ہے۔ 
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی شامل ہیں۔ فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ حملوں میں خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے ہیں۔

 غزہ سے کیے جانے والے راکٹ حملوں میں 41اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ فوٹو: روئٹر

ادھر اسرائیلی چینل السابعہ نے بتایا کہ غزہ سے کیے جانے والے راکٹ حملوں میں 41 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ 
خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے بدھ کو الجہاد کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ اس سے قبل غزہ سے اسرائیل پر 100سے زیادہ میزائل داغے گئے تھے۔
 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر الجہاد والوں نے میزائل حملے بند نہ کئے تو غزہ پٹی پر مزید حملے ہوں گے۔
سکائی نیوز کے مطابق نتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران الجہاد کے اہم ٹھکانے تباہ کردیے ہیں۔ ’ریاست اسرائیل پر میزائل حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا۔‘

 نتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ الجہاد والوں نے حملے بند نہ کیے تو غزہ پٹی پر مزید حملے ہوں گے۔ فوٹو: سکائی نیوز

نتن یاہو نے مزید کہا ‘اس سے قبل کہہ چکا ہوں کہ صورتحال مزید بگاڑنا نہیں چاہتے لیکن ہمارے خلاف کوئی بھی حملہ ہوگا تو اس کا جواب زیادہ بڑے حملے سے دیں گے۔ الجہاد والوں کو یہ بات جتنی جلد سمجھ میں آجائے گی اتنا ہی اچھا ہوگا‘۔ 
 قبل ازیں اے ایف پی نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں عسکریت پسند تنظیم اسلامک جہاد کے رہنما باہا ابو العطا کے گھر پر فضائی حملہ کرکے کے اسے ہلاک کیا ہے۔
 اسلامک جہاد نے اپنے ایک بیان میں 42 سالہ جہادی کماندڑ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی حملے میں ان کی اہلیہ بھی ماری گئی ہیں۔
اسرائیل نے ابو العطا پر اپنے ملک میں حالیہ راکٹ حملوں کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ مزید حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
              

 

شیئر: