Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی پیک کی رفتار تیز کرنا ترجیح، اسد عمر

اسد عمر کہتے ہیں کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں چند ماہ قبل ہونے والے ردو بدل کے بعد وزیر خزانہ کے منصب سے ہٹائے گئے تحریک انصاف کے اہم رہنما اسد عمر کو وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کا قلم دان سونپ دیا گیا ہے۔
اسد عمر کی کابینہ میں واپسی کے بعد تین وزارتوں میں ردو بدل کیا گیا ہے۔ منگل کو کابینہ ڈویژن کے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق مخدوم خسرو بختیار سے منصوبہ بندی و ترقیات کی وزارت کا قلم دان لے کر اسد عمر کو دے دیا گیا ہے جبکہ خسرو بختیار کو صاحبزادہ محبوب سلطان کی جبکہ فوڈ سکیورٹی کی وزارت دی گئی ہے۔
صاحبزادہ محبوب سلطان کو وفاقی وزیر سیفران بنا دیا گیا ہے۔

 

منگل کو کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے والے اسد عمر سے ایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے وزارت کا حلف لیا۔
حلف اٹھانے کے بعد ’اردو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ’سی پیک پر کام کی رفتار تیز کرانا ان کی بنیادی ترجیح ہو گی، سی پیک پاکستان کی ترقی کے لیے بہت اہم منصوبہ ہے۔‘
’ہماری پوری کوشش ہو گی کہ سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خسرو بختیار جو کام کر رہے تھے اسے ہی آگے بڑھایا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ ’وہ اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کی قیادت میں پارٹی کے منشور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔‘

اسد عمر کی شمولیت کے بعد کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 25 ہو گئی ہے، فوٹو: اے پی پی

یاد رہے کہ اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں پہلے وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا تاہم وہ رواں برس 18 اپریل کو وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے مستعفی ہو گئے تھے اور ان کی جگہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وزیراعظم کا مشیر برائے خزانہ تعینات کیا گیا تھا۔
اسد عمر کی دوبارہ شمولیت کے بعد کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
اسد عمر 2018 کے عام انتخابات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حلقہ این اے 54 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر دوسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: