Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا واقعی محمد رضوان کو نو بال پر آؤٹ قرار دیا گیا؟

اسد شفیق نے ایک بار پھر پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کی پوری ٹیم 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اسد شفیق نے 76 رنز بنائے۔ کپتان اظہر علی نے 39 جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان نے 37 رنز سکور کیے۔ آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے چار جبکہ پیٹ کمنز نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایک موقع پر پاکستان کی مڈل آرڈر بری طرح ناکام ہونے کے بعد سپنر یاسر شاہ نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر بیٹنگ کو سہارا دے کر سکور کو 227 رنز تک پہنچانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد اسد شفیق بھی 76 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کے اوپنرز نے 75 رنز کی پارٹنر شپ کی تاہم شان مسعود اور کپتان اظہر علی کے اوپر نیچے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے پانچ بیٹسمین 94 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
حارث سہیل اور بابر اعظم ایک ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جبکہ افتخار احمد سات رنز بنانے کے بعد لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی بیٹسمین محمد رضوان جس گیند پر آؤٹ ہوئے بولر پیٹ کمنز کا پاؤں کریز لائن پر تھا مگر تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔ کمنٹیٹرز اور سوشل میڈیا صارفین نے تھرڈ امپائر کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھائے ہیں۔ ایک صارف پردیب کمار نے پیٹ کمنز کے پاؤں کی کریز لائن پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کیا تھرڈ امپائر روی شاستری تھے؟ انہوں نے سابق انڈین ٹیسٹ کرکٹر کو اپنی ٹویٹ میں ٹیگ بھی کیا ہے۔

پیٹ کمنز نے اسد شفیق کو 76 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

وکٹ کیپر محمد رضوان نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر سکور کو 143 تک پہنچایا۔ اس کے بعد اسد شفیق کے ساتھ یاسر شاہ کریز پر جم گئے اور سکور بورڈ کو 200 کا ہندسہ پار کرایا۔
80 اوورز مکمل ہونے کے بعد آسٹریلیا نے نئی گیند لی تو مچل سٹارک نے اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ کو بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 27 رنز بنائے۔ سٹارک نے اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
برسبین میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔

شیئر: