Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی سری لنکا کی جانب سے مثبت جواب ملنے کے بعد تصدیق کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں دس سال کے وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو جائے گی جب سری لنکا کی ٹیم دسمبر میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔ 
پی سی بی کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11 سے 15 دسمبر کو راولپنڈی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
پی سی بی کے مطابق سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی جبکہ محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کے لیے دسمبر میں آنا تھا تاہم ٹیسٹ میچز کے مقامات کے تعین اور حالات کے جائزے کے لیے شیڈول میں ردوبدل کی گئی۔ 
پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی سری لنکا کی جانب سے مثبت جواب ملنے کے بعد تصدیق کی گئی ہے۔ 

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے اس حوالے سے کہا  ہے ’یہ ایک اچھی خبر ہے اور پاکستان کی کسی بھی دوسرے ملک کی طرح محفوظ ہونے ساکھ قائم رہی ہے۔ میں طویل دورانیے کے کھیل کے لیے سری لنکا کی جانب سے ٹیم بھیجنے پر شکرگزار ہوں، اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔‘  
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ ہے کہ ’ہمیں یہ تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم دوبارہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، ہمارے پھچلے دورے کے ضمن میں ہمیں یقین ہے کہ یہاں کے حالات ٹیسٹ کرکٹ کے لیے موزوں ہیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک اپنے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں اور اس حوالے سے ہم پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہیں، جہاں نہ صرف کرکٹ کی قابل فخر تاریخ موجود ہے بلکہ کرکٹ کھیلنے والے ملک کے طور پر ابتدائی دنوں میں وہ ہمارا بہت بڑے حمایتی بھی رہا ہے۔‘ 

شیئر: