Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کو جی 20 کی سربراہی مل گئی

سعودی عرب یکم دسمبر کو جی 20 کا تفصیلی پروگرام جاری کرے گا (فوٹو: ٹویٹر)
سعودی عرب کو سال 2020 کے لیے جی20 کی سربراہی مل گئی ہے۔
جاپان میں منعقد گروپ 20 کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی عرب کے وفد کی سربراہی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کر رہے تھے۔

سعودی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کر رہے تھے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جی 20 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جی 20 کی سربراہی کے حوالے سے جامع منصوبہ مرتب کیا ہے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ولی عہد مملکت نے گذشتہ جون میں اوساکا کانفرنس سے خطاب میں جی 20 کی میزبانی کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی تھی۔ ان کی طرف سے معاشی اور دیگر اہم چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اہم اہداف کی نشاندہی کی گئی جو جی 20 کے تعاون سے حاصل کیے جائیں گے۔

سعودی عرب ایک سال کے دوران ایک درجن اجلاسوں کا پروگرام بنا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب یکم دسمبر کو جی 20 کا تفصیلی پروگرام جاری کرے گا۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایک سال کے دوران ایک درجن اجلاسوں کے انعقاد کا پروگرام بنا رہا ہے۔
جاپان کے وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے پہلی ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جاپانی وزارت خارجہ کی پالیسی کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: