Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برسبین ٹیسٹ: پاکستان کو ایک اننگز سے شکست

بابر اعظم نے اپنی سنچری مکمل کی اور 104 رنز پر آوٹ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے  پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے دی ہے۔
برسبین کے گابا سٹیدیم میں دوسری اننگز میں بابر اعظم کی سنچری اور محمد رضوان کے 95 رنز بھی پاکستان کو اننگز کی شکست سے نہ بچا سکے اور چوتھے روز کے اختتام سے پہلے ہی پاکستان ٹیم 335 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی پہلی انگز میں پاکستان کے 240 رنز کے جواب میں 580 رنز سکور کیے اور پہلی ہی اننگز میں 340 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا ثابت نہ ہوا اور صرف 25 کے سکور پر تین کھلاڑی آوٹ ہو گئے۔ کپتان اظہر علی پانچ، حارث سہیل آٹھ جبکہ اسد شفیق صفر پر آوٹ ہوئے۔ اوپنر شان مسعود اور مڈل آردڑ بلے باز بابر اعظم نے اسٹریلیا کے گیند بازوں کے خلاف کچھ مزاحمت کی۔
 چوتھے دن کا آغاز ہوا تو شان مسعود اپنے سکور میں صرف 15 رنز کا اضافہ کر سکے۔ انہوں نے 42 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ دیا۔
بابر اعظم اور شان مسعود کے درمیان 58 رنز کی شراکت داری رہی۔ لوئر مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد اپنا کھاتا کھولے بغیرجوش ہیزل ووڈ کی گیند کا شکار ہوگئے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان 132 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ بابر اعظم نے 13 چوکوں کی مدد سے 173 گیندوں پر 104 رنز سکور کیے۔ محمد رضوان نے 10 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔
لیگ سپنر یاسر شاہ نے بھی 42 رنز سکور کیے لیکن پاکستان کو ایک اننگز کی شکست سے نہ بچا سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار، مچل سٹارک نے تین، پیٹ کمنز دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ 
 
 

شیئر: