Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم بھی یہیں ہیں اور میدان بھی‘

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نئے انتخابات کے لیے تیار ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو گھوڑا بھی حاضر ہے اور میدان بھی، اس بار جو احتجاج ہو گا اس کے نتیجے میں حکومت چلی جائے گی، لوگ اسلام آباد سے ایسے ہی واپس نہیں گئے۔
منگل کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرا کے بیانات نے سی پیک جیسے اہم منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جس کی اجلاس میں مذمت بھی کی گئی۔
قبل ازیں ہونے والی اے پی سی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی جانب سے احسن اقبال نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کے نوٹی فیکیشن کی معطلی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ چونکہ عدالت میں ہے اورعدالتوں کے اندر اپنے مسائل ہوتے ہیں، اس لیے اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔‘

فضل الرحمان کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت کا مقدمہ زیر سماعت ہے،تبصرہ مناسب نہیں، فوٹو: پی ایم آفس

صحافی کی جانب سے جب پوچھا گیا کہ کیا مولانا فضل الرحمان نے بیک ڈور رابطوں کے بارے میں بلاول بھٹو کو اعتماد میں لیا تھا؟ تو اس پر مولانا فضل الرحمان نے قدرے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بات رابطوں کی نہیں موقف کی ہے، ہم اس پر مضبوطی سے قائم ہیں، آپ اس کی تعریف کریں کیوں خوامخواہ غلط فہمی پیدا کر رہے ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ’اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں تقرری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔‘
جب بلاول بھٹو سے آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’سابق صدر کی طبیعت ناساز ہے اور ہمیں نجی ڈاکٹرز کی ان تک رسائی کی درخواست کے جواب کا انتظار ہے۔ امید ہے ان کا کیس سندھ منتقل کر دیا جائے گا۔‘
اس سوال کہ کیا جے یو آئی کے علاوہ دیگر پارٹیاں بھی نئے انتخابات کے لیے تیار ہیں کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی بالکل انتخابات کے لیے تیار ہے۔
’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شفاف انتخابات کروائے جائیں، سلیکٹڈ کو پہلے تسلیم کیا تھا اور نہ آئندہ کسی سلیکٹڈ کو تسلیم کریں گے۔‘
اسی سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے احسن اقبال نے بھی نئے انتخابات کے انعقاد کی تائید کی۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: