Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز مشرف سے 5 دسمبر تک جواب طلب

پرویز مشرف اگلی سماعت سے قبل جب چاہیں آ کر بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پانچ دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔
جمعرات کو خصوصی عدالت میں سنگین غداری کیس کی سماعت کے دوران جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کہا کہ ’5 دسمبر کے بعد اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔‘
جسٹس وقار احمد کا کہنا تھا کہ ’5 دسمبر کے بعد عدالت مزید وقت نہیں دے گی۔‘
انہوں نے پرویز مشرف کے سرکاری وکیل رضا بشیر کے عدالت میں تحریری جواب جمع نہ کرانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا جس پر وکیل نے کہا کہ ’ہم نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔‘
عدالت نے ان کو جواب دیا کہ ’آپ نے ہمارے احکامات نہیں پڑھے۔‘
جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہائی کورٹ کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔‘
خصوصی عدالت نے وزارت داخلہ کے کورٹ میں پیش ہونے والے نمائندے سے کہا کہ ہائی کورٹ نے آپ کو 5 دسمبر تک پراسیکیوشن تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ’پرویز مشرف اگلی سماعت سے قبل جب چاہیں آ کر بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔ اگلی سماعت تک بیان ریکارڈ کرانے کا موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت کے بعد کوئی درخواست نہیں لیں گے۔‘
جسٹس وقار احمد نے مزید کہا کہ ’خصوصی عدالت ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کی پابند نہیں۔ ہم صرف سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں۔ پانچ دسمبر کو پراسیکیویشن ٹیم پوری تیاری کے ساتھ پیش ہو۔‘ 

شیئر: