اسحاق ڈار کا سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے رابطہ، یمن کی صورت حال پر تبادلہ خیال
اسحاق ڈار کا سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے رابطہ، یمن کی صورت حال پر تبادلہ خیال
ہفتہ 3 جنوری 2026 17:28
اسحاق ڈار نے یمن سے متعلق سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ (فائل فوٹو: پاکستان وزات خارجہ)
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے خطے کی حالیہ صورت حال کے حوالے سے بات کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ سے کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے بیجنگ پہنچنے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بات کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر غور و خوض کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یمن سے متعلق سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان کا خیرمقدم کیا اور علاقائی صورت حال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے تمام فریقین کی کوششوں کو سراہا۔
دفتر خارجہ نے ایک اور بیان میں بتایا کہ اسحاق ڈار نے بیجنگ سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
دونوں نائب وزرائے اعظم نے موجودہ علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں مثبت پیش رفت اور بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے اس امر کی تعریف کی کہ مکالمے اور سفارت کاری کے نتیجے میں زمینی حقائق میں ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔
پاکستان نے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
قبل ازیں وزارت خارجہ نے سنیچر کو ہی ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے یمن کی صدارتی قیادت کونسل کی جانب سے ریاض میں جامع مذاکرات کے انعقاد کی اپیل کا خیرمقدم کیا ہے اور ایک بار پھر تمام یمنی فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ متفقہ اصولوں کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ بات چیت میں شامل ہوں۔
پاکستان نے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق وحدت اور بھائی چارے کے اصولوں کی روشنی میں پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ علاقائی کوششیں یمن میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوں گی۔