شہزادہ فیصل بن فرحان کا ترکیہ کے وزیر خارجہ سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزرائے خارجہ نے اس حوالے سے کوششوں پر بات چیت کی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کی صبح ترکیہ کے ہم منصب ہاکان فیدان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے رابطے کے دوران حالیہ علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی۔
اس سے قبل شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے خطے کی صورتحال، سکیورٹی اور استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں یمن کی صدارتی قیادت کونسل کی جانب سے ریاض میں جامع مذاکرات کے انعقاد کی اپیل کا خیرمقدم کیا اور ایک بار پھر تمام یمنی فریقین پر زور دیا کہ وہ متفقہ اصولوں کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ بات چیت میں شامل ہوں۔
پاکستان نے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
