Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

60 ٹن ناقابل استعمال غذائی اشیا تلف

بلدیہ نے 30 ٹن گوشت اور 30 ٹن سبزیاں اور پھل ضبط کئے ہیں (فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے 60 ٹن ناقابل استعمال غذائی اشیا تلف کردی ہیں۔
تلف کی جانے والی زائد المیعاد اور مضر صحت غذائی اشیا مارکیٹ میں عام صارفین کو فروخت کی جا رہی تھیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’بلدیہ کے اہلکاروں نے نکاسہ مارکیٹ کا تفتیشی دورہ کر کے 30 ٹن گوشت اور 30 ٹن سبزیاں اور پھل ضبط کیے ہیں جو انسانی استعمال کے لیے نقصان دہ تھے۔‘

نکاسہ مارکیٹ میں غیر قانونی تارکین ٹھیلے لگا کر سبزیاں فروخت کر رہے تھے۔ (فوٹو: سبق)

بلدیہ کے مطابق ’نکاسہ مارکیٹ میں غیر قانونی تارکین ٹھیلے لگا کر اشیا فروخت کر رہے تھے۔ افسوس یہ ہے کہ لوگوں کی صحت اور جان کی پروا کیے بغیر ان چیزوں کو بیچا جارہا تھا۔‘
’تفتیشی اہلکاروں کی ٹیم نے نکاسہ مارکیٹ پر چھاپہ مارا تو سینکڑوں غیر قانونی تارکین کا انکشاف ہوا جن میں سے بعض کو گرفتار کر کے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔‘

 غیر قانونی تارکین میں سے اکثر ٹھیلے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ (فوٹو: سبق)

تفتیشی اہلکاروں نے سبق کو بتایا کہ ’غیر قانونی تارکین کو جب تفتیشی ٹیم کی آمد کی اطلاع ہوئی تو ان میں سے اکثر ٹھیلے چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔‘
’حفظان صحت کے اصولوں اور سٹوریج کے تقاضوں پر عمل کیے بغیر کھلے عام گوشت فروخت کیا جا رہا تھا۔‘

حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیے بغیر فروخت کی جارہی تھیں۔ (فوٹو: سبق)

تفتیشی ٹیم نے کہا ہے کہ ’تمام ضبط شدہ اشیا بلدیہ کے گراؤنڈ میں لے جا کر تلف کردی گئیں اور واقعے کی اطلاع حکام بالا کو دے دی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ سمیت متعدد شہروں میں غیر ملکی تارکین ٹھیلے لگا کر پھل اور سبزیاں فروخت کرتے ہیں۔ ان ٹھیلوں میں صحت اور سلامتی کے اصولوں کے علاوہ صفائی کا اہتمام نہیں کیا جاتا۔ 
 

شیئر: