Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب، پوری فیملی کے لیے ایک فائنل ایگزٹ

سربراہ کا فائنل ایگزٹ ویزا لگنے کی صورت میں فیملی کے تمام افراد کے لیے کارآمد ہوگا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق فیملی کے سربراہ کے لیے خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزا اس کے ریکارڈ پر موجود اہل و عیال، ماں، باپ، ساس سسر اورگھریلو عملے کے لیے بھی کافی ہوگا۔ ان سب کے لیے الگ سے فائنل ایگزٹ ویزا نکلوانا ضروری نہیں ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ سے ایک غیر ملکی نے ٹوئٹر پر دریافت کیا تھا کہ اگر فیملی کے سربراہ نے فائنل ایگزٹ ویزا حاصل کرلیا تو کیا یہ اس کے ویزے پر موجود اہل و عیال، ما ں باپ، ساس، سسر اور گھریلو عملے کے لیے بھی کافی ہوگا یا نہیں؟۔

سربراہ کا فائنل ایگزٹ ویزا لگنے کی صورت میں فیملی کے تمام افراد کے لیے کافی ہوگا (فوٹو: سوشل میڈیا)

محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیاکہ سربراہ کا فائنل ایگزٹ ویزا لگنے کی صورت میں فیملی کے تمام افراد اس سے فیض یاب ہوں گے۔ الگ سے ہر ایک کا فائنل ایگزٹ لگوانا ضروری نہیں ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ پاسپورٹ نے ایک اور استفسار کا بھی جواب دیا جس میں سوال کیا گیا تھا کہ اگر فیملی کا سربراہ سعودی عرب میں موجود ہو اور اس کے اہل و عیال میں سے کوئی بیرون مملکت ہو یا اس کے ماں باپ یا ساس سسر یا گھریلو عملے میں سے کوئی ایک مملکت سے باہر ہو تو ایسی صورت میں اقامے میں توسیع ہوسکتی ہے یا نہیں؟
محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا کہ ایسی صورت میں اقامے کی تجدید ہوسکتی ہے۔ یہ بات پہلے بھی کئی مرتبہ واضح کی جاچکی ہے۔

  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: