Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتھونی جوشوا دوبارہ عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن

انتھونی جوشوا سے عالمی چیمپئن کا ٹائٹل امریکی باکسر آندرے رویز نے نیویارک فائٹ میں چھین لیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے سعودی عرب میں ہونے والے مقابلے میں عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن آندرے رویز کو شکست دے کر عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
گذشتہ جون میں برطانوی باکسر انتھونی جوشوا سے عالمی چیمپئن کا ٹائٹل امریکی باکسر آندرے رویز نے نیویارک میں ہونے والی فائٹ میں چھین لیا تھا۔
سعودی عرب کے شہر الدرعیہ میں اتوار کو ہونے والے مقابلے میں ججز نے 118-110، 118110-، اور 109109-پوائنٹس پر جوشوا کو متفقہ طور پر فاتح قرار دے دیا۔
’کلیش آن دی ڈیونز‘ مقابلے میں انتھونی جوشوا نے بہترین کارکردگی دکھا کر ثابت کیا ہے کہ انہوں نے نیویارک مقابلے میں شکست سے سبق سیکھا ہے۔
فائٹ کے بعد  آندرے رویز نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حریفوں کو ہرانے کے عادی ہیں، لیکن پچھلی دفعہ وہ مقابلے کے دوران زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ جیت نہیں سکے تھے۔ 
’میں نے تب ہی سوچا تھا کہ میں اپنی اصلاح کروں گا۔‘
جوشوا نے سعوی عرب کی میزبانی کی بھی تعریف کی اور آندرے رویز کی اس تجویز کی حمایت کی کہ تیسری فائٹ بھی سعودی عرب میں ہونی چاہیے۔
جوشوا کا کہنا تھا کہ وہ اس بار بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے تھے اور اس کھیل کی ’سائنس‘ سے بھی شائقین کو آگاہ کرنا چاہتے تھے کہ ’اس کھیل میں (حریف کو) مارا جاتا ہے، اور مار کھائی نہیں جاتی۔‘ 
آندرے رویز نے ناقابل شکست برطانوی باکسر جوشوا کو رواں سال جون میں نیویارک کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والے میچ میں شکست دی تھی تاہم اس دفعہ وہ جوشوا سے نہ جیت سکے۔ 

جوشوا نے تیسری فائٹ بھی سعودی عرب میں ہونے کی حمایت کی (فوٹو: اے ایف پی)

مقابلے کے شروع میں جہاں رویز کی بائیں آنکھ کے اوپر گہری چوٹ آئی، وہیں دوسرے راؤنڈ میں جوشوا کی پیشانی بھی زخمی ہوئی تھی۔
دوسرے راؤنڈ میں رویز مایوسی کا شکار نظر آ رہے تھے اور ان کو کھیل کے قوانین کے خلاف مکہ مارنے پر وارننگ بھی دی گئی تھی۔

تازہ ترین فتح کے ساتھ ہی جوشوا کی فتوحات کی تعداد 23 ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تازہ ترین فتح کے ساتھ برطانوی باکسر کی فتوحات کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔
جوشوا نے جون میں نیویارک مقابلے میں شکست کے بارے میں کہا کہ وہ معمولی ’سیٹ بیک‘ سے زیادہ کچھ نہیں تھا۔

کھلاڑیوں نے سعودی عرب کی میزبانی کی تعریف کرتے ہوئے اسے شاندار جگہ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)

جون میں نیویارک کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والے میچ میں جوشوا کی شکست پر لوگوں کا خیال تھا کہ جوشوا کا باکسنگ کیریئر ختم ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ میچ سے قبل بدھ کی شب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن آندرے رویز نے کہا تھا کہ وہ گزشتہ 3 ماہ سے اس مقابلے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
’میں تاریخ بنا چکا ہوں اور اسے برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔‘

 آندرے رویز نے کہا کہ وہ اس فائٹ کے لیے گذشتہ 3 ماہ سے تیاری کر رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

آندرے رویز نے مزید کہا کہ ’حریف باکسربھی تیاری کر کے آئے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ وہ بہت محتاط ہیں۔ اپنے حریف کو ہر قیمت پر جیتنے سے روکنا ہوگا۔‘
میکسیکن باکسر نے سعودی عرب کے بارے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ شاندار جگہ ہے۔ الدارعیہ کے تاریخی شہر میں عظیم قوم کے درمیان تاریخ بنائیں گے۔‘

سعودی عرب میں ہونے والا مقابلہ انتھونی جوشوا کا چوتھا چیلنج تھا (فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی باکسر انتھونی جوشوا کا کہنا تھا کہ ’عالمی اعزاز کے لیے چیلنج قبول کیا ہے۔ مختصر مدت میں یہ میرا چوتھا چیلنج ہے۔‘
جوشوا نے مزید کہا کہ ’آندرے رویز کی عزت کرتا ہوں۔ ہم سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں تاہم جب باکسنگ رنگ میں اترتے ہیں تو صورتحال بدل جاتی ہے۔‘ 
’میں سٹار ہوں، مجھے معلوم ہے کہ میں اور آندرے رویز مختلف ہیں۔ مجھے حکمت کے ساتھ وقت سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔‘
 ایک سوال پر انتھونی جوشوا کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب اس لیے آئے ہیں تاکہ باکسنگ کے اس کھیل کو عظیم ایونٹ میں تبدیل کریں۔

شیئر: