Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پہلی بار خواتین گولف ٹورنامنٹ ہوگا

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کو 55 ممالک میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا جائے گا فوٹو ، شرق الاؤسط
سعودی عرب  میں آئندہ برس پہلی بار خواتین گولف ٹورنامنٹ منعقد کیاجائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 19مارچ 2020 سے ہوگا جو 22 مارچ تک جاری رہے گا۔
گولف ٹورنامنٹ کا انعقاد شاہ عبداللہ اکنامک سٹی کے رائل گرین کلب کے گراؤنڈ میں ہو گا۔ سعودی گالف کے اشتراک سے یہ ٹورنامنٹ منعقد کیاجائے گا۔
مقامی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 کے مطابق چیمپئن شب ٹرافی کے لیے 108 خواتین کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کو 55 ممالک میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا آغاز 19مارچ 2020 سے ہوگا جو 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ فوٹو:سعودی گزٹ 

ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ کھلاڑیوں کی فہرست بھی حاصل کی جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کی خواہشمند مقامی کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو رجسٹر کرالیں۔
خواتین گالف ٹورنامنٹ انتظامیہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ دنیا بھر میں 340 ملین افراد مقابلے کو براہ راست دیکھ سکیں گے۔ ٹورنامنٹ کی ٹیلی کاسٹ کے انتظامات کے لیے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے سعودی عرب میں اس سے قبل اس قسم کی سرگرمیاں نہیں ہوتی تھیں۔ یہاں مقبول کھیل فٹبال ہے جبکہ رواں سال تفریحی کمیٹی کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں کے عالمی مقابلے منعقد کیے گئے جن میں ریسلنگ، باکسنگ، کار ریلی وغیرہ شامل ہیں۔
تفریحی کمیٹی کی جانب سے گزشتہ ہفتے عالمی اسنوکر کے مقابلوں کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے جو آئندہ سال منعقد ہوں گے۔ اسنوکر کے عالمی مقابلے میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔
تفریحی کمیٹی اس حوالے سے آنے والے عالمی کھلاڑیوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ اس ضمن میں تفریحی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ برسوں میں کھیلوں کے میدان میں بڑی تبدیلیاں سامنے آئیں گی۔

شیئر: