Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ اور مدینہ کے درمیان حرمین ٹرین بحال

حرمین ریلوے میں 35 ہائی سپیڈ ٹرینیں شامل ہیں۔فوٹو: الیوم
حرمین ایکسپریس ٹرین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان دوبارہ چلنے لگی۔ بدھ کی صبح مدینہ منورہ سٹیشن سے روانہ ہونے والی حرمین  ٹرین مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔
 یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے حرمین ٹرین سروس بحال کردی گئی تھی۔ اب تمام لائنوں پر ٹرین معمول کے مطابق چلے گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الحرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر سعد الشہری نے کہا ’ مدینہ منورہ او رمکہ مکرمہ کے درمیان روزانہ بارہ ٹرینیں آمد و رفت کے لیے چلائی جائیں گی‘۔

مدینہ منورہ سٹیشن سے روانہ ہونے والی حرمین  ٹرین مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔فوٹو: الیوم

 ’چھ ٹرینیں مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے اور اتنی ہی ٹرینیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ زائرین اور شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو سفر کی سہولت فراہم کریں گی‘۔ 
 ٹرینیں ہفتے میں 5 دن بدھ، جمعرات، جمعہ، ہفتہ، اتوار کو چلیں گی۔ باقی 2 دن پیر اور منگل کو سروس بند ر ہے گی۔
 سعدالشہری نے کہا کہ روزانہ پانچ ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ ایک سفر میں 417 مسافر ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن کا سفر کرسکیں گے۔ 

 ٹرینیں ہفتے میں 5 دن بدھ، جمعرات، جمعہ، ہفتہ، اتوار کو چلیں گی۔فوٹو: الیوم

الشہری نے مزید بتایا کہ مستقبل میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ اور جدہ و رابغ کے درمیان ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ضروری جائزے لیے جارہے ہیں۔
 واضح رہے کہ حرمین ریلوے میں 35 ہائی سپیڈ ٹرینیں شامل ہیں۔ ہر ٹرین میں 13 بوگیاں ہیں جن میں 400 مسافروں کی گنجائش ہے۔

شیئر: