Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قلوپطرہ کا ٹھنڈا چشمہ

ڈائیو میگزین کے مطابق مصر غوطہ خوروں کے لیے بہترین جگہوں میں سے چھٹے نمبر پرہے فوٹو سی این این
یونانی مورخ ہیرو ڈوتھ نے کہا تھا کہ ’مصر نیل کا عطیہ ہے۔‘ مصر کا ایک امتیاز یہ بھی ہے کہ یہاں براعظم افریقہ اور مشرق وسطیٰ کا طویل ترین ساحل پایا جاتا ہے۔
شمال کی جانب سے بحیرہ روم اور مشرق کی طرف سے بحر احمر مصر کو اپنی آغوش میں لیے ہوئے ہیں۔ شاید اسی لیے مصر کو سمندری سیاحت کے حوالے سے بے نظیر مانا جاتا ہے۔
سی این این کے مطابق بحر احمر کی تہہ میں غوطہ خوری تک بحری سیاحت کے لیے یہاں بہت کچھ ہے۔ بحری سیاحت کے حوالے سے مصر میں 10نمایاں ترین سرگرمیاں ہوتی ہیں۔

غوطہ خوری 

ڈائیو میگزین کے مطابق مصر غوطہ خوروں کے لیے بہترین جگہوں میں سے چھٹے نمبر پرہے۔
میگزین کا کہنا ہے کہ صحرائے سینا سے لے کر سوڈان کی سرحدوں تک بحراحمر کی گہرائیوں میں غوطہ خوری کی مہم جوئی کا سفر تمام نہیں ہوتا۔
بڑی بڑی سمندری مخلوقات اور مونگوں کی دنیا غوطہ خوروں کو بحر احمر کی گہرائی میں پڑے ہوئے جہازوں کے ملبے کے انکشاف کی تحریک دیتی ہے۔
مثال کے طور پر برطانوی جہاز ’ss thistlegorm‘ غوطہ خوروں کی مہم جوئی کی بدولت ہی دریافت ہوا۔ یہ جہاز دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمنی کی بمباری سے ڈوب گیا تھا۔
غوطہ خور اسکندریہ شہر کے قریب بحیرہ روم میں زیر آب قدیم شہروں کے ملبوں کا مشاہدہ بھی کرسکتے ہیں۔

شمال کی جانب سے بحیرہ روم اور مشرق کی طرف سے بحر احمر مصر کو اپنی آغوش میں لیے ہوئے ہیں فوٹو:سی این این

ساحل

مصر کا ساحل دو ہزار 450 کلو میٹر طویل ہے۔ اس کی بدولت مصر سورج کی شعاعوں، گرم ریت اور سمندر کی صاف شفاف ہواﺅں سے لطف اٹھانے کا موقع مہیا کرتا ہے۔
شرم الشیخ او رالغردقہ 8ویں عشرے سے پوری دنیا میں مشہور ہوچکے ہیں۔ حالیہ ایام میں مرسی عالم دھب اور الجونہ کو مقامی اور بین الاقوامی ساحل نوردوں میں مقبولیت ملی ہے۔ 
یہاں کی ملائم اور سفید ریت، نیلا اور سبز رنگ کا گرم پانی،ساحلی سیاحت کے شائقین کو بے حد پسند آتا ہے۔ جزیرہ الجفتون پر واقع محمیہ ساحل اس حوالے سے سرفہرست ہے۔
یہ الغردقہ کے قریب واقع ہے۔ اسے مصر کے بہترین ساحل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

مصر کا ساحل دو ہزار 450 کلو میٹر طویل ہے فوٹو:سی این این

ساحلی نخلستان

مصر کے نخلستان ساحل سمندر پر واقع ہونے کی وجہ سے پوری دنیا میں مختلف مانے جاتے ہیں۔ یہاں آپ تپتے ہوئے صحرا کے درمیان ٹھنڈے پانی کے حوض میں غوطہ لگا کر انتہائی آرام اور راحت محسوس کریں گے۔
ان میں سب سے زیادہ مشہور افسانوی چشمہ قلوپطرہ کہلاتا ہے۔ یہ مصر کے مغربی صحرا کے سیوا نخلستان میں واقع ہے۔ وادی الوشواشی بھی بے حد خوبصورت ہے۔ یہ جنوبی سینا کے نویبع مقام پر واقع ہے۔
علاوہ ازیں الفیوم کی وادی الریان کا نخلستان بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

سمندری حیاتیات

بحر احمر مختلف قسم کی سمندری مخلوقات کا وطن مانا جاتا ہے۔ یہاں شارک، ڈولفن اور سمندری مینڈک مشہور ہیں۔
یہ بڑے حجم کی ایک سمندری مخلوق الاطوم کا بھی وطن ہے جسے بعض لوگ سمندر کی دلہن کے نام سے جانتے ہیں۔ بحر احمر میں ایک ہزار سے زیادہ اقسام کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں۔
غوطہ خوری ، سمندری حیاتیات دریافت کرنے کا بہترین طریقہ ہے لیکن آپ بحر احمر کے اسرار شیشے والی کشتیوں پر سوار ہوکر بھی دریافت کرسکتے ہیں۔
             
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: