Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا برطانیہ سے سابق مشیرِ احتساب شہزاد اکبر اور عادل راجا کی حوالگی کا مطالبہ

پاکستان نے برطانیہ سے سابق مشیرِ احتساب مرزا شہزاد اکبر اور پاکستان آرمی کے سابق میجر عادل راجا کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
 پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں برطانیہ میں غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ 
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مرزا شہزاد اکبر اور عادل راجا کے خلاف ٹھوس شواہد فراہم کیے اور کہا کہ یہ دونوں افراد ریاست اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا میں ملوث ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر اور عادل راجا پاکستان کو مطلوب ہیں لہٰذا انہیں ہمارے حوالے کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واپسی کے لیے برطانوی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتی ہے لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے۔ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف بہتان اور ہرزہ سرائی کی کوئی ملک اجازت نہیں دے سکتا۔‘

 

شیئر: