Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکار ریلی 2020کی تیاریاں عروج پر

سعودی عرب ڈاکار ریلی کی میزبانی کرنے والا 30 واں ملک ہے۔ فوٹو۔ٹوئٹر
سعودی عرب کے صحرا 2020 کی ڈاکار ریلی کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ 5جنوری کو جدہ سے شروع ہونے والی ڈاکار ریلی نہ صرف سعودی عرب بلکہ براعظم ایشیا کے کسی بھی ملک میں پہلی مرتبہ منعقد ہو رہی ہے۔
یہ ریلی 12مختلف مراحل طے کرتے ہوئے 17 جنوری کو دارالحکومت ریاض کے قریب القدیہ کے مقام پر اختتام پذیر ہو گی۔

نگرانی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر 10 ہیلی کاپٹرموجود ہوں گے(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی گزٹ کے مطابق ریلی میں حصہ لینے والے ڈرائیور اور موٹرسائیکلسٹ اپنی اپنی مخصوص قسم کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں مختلف ذرائع سے ریلی کے آغاز کے مقام تک پہنچارہے ہیں۔
خصوصی طور پرتیارکردہ گاڑیاں، ٹرک، کواڈ، ایس ایکس ایس اور موٹر سائیکلیں ریس میں حصہ لیں گی، جو سعودی عرب کے وسیع صحرائی علاقوں سے گزرے گی۔

ڈرائیور نیوی گیشن سسٹم سے آف روڈ رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ (فوٹو سعودی گزٹ)

ڈاکار ریلی 2020 کے منتظمین سعودی عرب میں اسے محفوظ اور یقینی بنانے کے لئے تیاریاں پورے جوش و خروش سے کر رہے ہیں۔ نگرانی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر 10 ہیلی کاپٹر، 10 بسیں، 60 میڈیکل آفیسراور ٹیمیں اس کے علاوہ 50 ٹرکوں پر موجود مختلف ضروری اشیاء ہوں گی جو ساڑھے سات ہزار کلومیٹر کی اس طویل دوڑ میں شامل 556 ڈرائیوروں اور ان کے ساتھیوں کی حفاظت اوردیگر ضروریات پوری کریں گی۔

ریلی کامیاب کرنے کے لیے کئی مہینوں سے انتھک محنت ہو رہی ہے۔(فوٹو سعودی گزٹ)

سعودی عرب کی موٹر سپورٹس فیڈریشن کے سربراہ شہزادہ خالد بن سلطان الفیصل آل سعود نے اس موقع پر کہا ہے کہ ریلی کو کامیاب کرنے کے لیے گزشتہ کئی مہینوں سے انتھک محنت اور جذبے سے کام کر رہے ہیں۔
دنیا بھر کے لیے یہ ایک تاریخی ریلی ہے جس سے سعودی عرب میں نہ صرف کھیلوں کے شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ریلی ثقافتی اور دیگرتفریحی سرگرمیوں پر بھی مثبت طریقے سے اثرانداز ہوگی۔

ریلی میں حصہ لینے کے لیے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پہنچ رہی ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

 سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار 2020 ریلی میں 62 ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں ان میں 47 لیجنڈز ایسے ہیں جو  10  یا اس سے زیادہ مرتبہ ڈاکار ریلی میں حصہ لے چکے ہیں۔
ڈاکار ریلی کی یہ دشوارترین چیلنج ریس اس سے قبل تین یورپی ممالک، 21 افریقی ممالک اورجنوبی امریکہ کے پانچ ممالک میں سے گزر چکی ہے۔

خصوصی طور پرتیارکردہ ایس ایکس ایس گاڑیاں ریس میں حصہ لیں گی (فوٹو سعودی گزٹ)

سعودی عرب ڈاکار ریلی کی میزبانی کرنے والا 30 واں ملک ہے۔
یہاں کا منفرد صحرا ، مخصوص علاقہ اور بے مثال قدرتی نظارے ڈاکار ریلی میں تاریخ رقم کریں گے۔
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے قریب سے شروع ہونے والی اس ریلی میں حصہ لینے والے ڈرائیور نیوی گیشن سسٹم کی مدد سے آف روڈ سیکشن میں تیز ہوا سے بننے والے ریت کے ٹیلوں اور راستے کی رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: