Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سے جعلی ڈاکٹر گرفتار

اے سی ٹیکنیشن کے ویزے پر آنے والا شخص اپنے بھائی کے ساتھ مل کر ڈاکٹری کرتا تھا سبق نیوز
مکہ  میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ایک مکان پر چھاپا مار کر خود ساختہ ڈاکٹرکو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم ایئر کنڈیشنر کاریگر ہے اور اس نے اپنے گھر کو ہی کلینک بنایا ہوا تھا۔
سبق نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے  سے بتایا ہے کہ ریجنل بلدیہ کو اطلاع ملی تھی کہ مکہ  کے علاقے الخنساء میں ایک شخص خود ساختہ ڈاکٹر بن کر لوگوں کا علاج کرتا ہے۔ ملزم کا تعلق پاکستان سے ہے اور اس کے گھر سے متعدد ادویات اور طبی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

جعلی ڈاکٹر کے گھر سے متعدد ادویات اور طبی آلات بھی برآمد ہوئے  فوٹو: سبق نیوز

اطلاع ملنے پر بلدیہ کی مخصوص معلوماتی ٹیم نے مذکورہ شخص کی خفیہ نگرانی شروع کر دی تاکہ اسے ٹھوس ثبوت کے ساتھ گرفتار کیا جاسکے۔ ٹیم نے تمام معلومات اور شواہد جمع کر کے متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیے جس کے بعد چھاپہ مار ٹیم ملزم کی گرفتاری کے لیے روانہ کی گئی۔
ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب لوگ اس سے علاج کرانے کے لیے گھر میں آئے ہوئے تھے۔ کلینک سے سیکڑوں ادویات ، طبی آلات اور انجکشن کے علاوہ ڈرپس کی متعدد بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم اور اس کا بھائی دونوں ہی اس دھندے میں ملوث تھے۔ خود ساختہ ڈاکٹر اپنے گھر میںحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مریضوں کو ڈرپس اور انجکشن لگاتا تھا۔
ملزم اور اس کے شریک بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تحقیقات کے بعد چالان عدالت میں پیش کیاجائے گا۔ 
واضح رہے غیر ملکی ملازمین جس پیشے کی بنیاد پر سعودی عرب آتے ہیں وہ اس امر کے بھی پابند ہیں کہ وہ اپنے شعبے  کے مطابق کام کریں۔اقامے میں درج شدہ پیشے کے خلاف کام کرنے پر ان کے خلاف قانون شکنی کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے جس پر وزارت محنت کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔ 
پیشے کی خلاف ورزی کرنے پر قانون کے مطابق 20 ہزار ریال تک جرمانہ بھی کیاجاتا ہے۔ وزارت محنت کی جانب سے ترمیم شدہ قانون میں خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکی پر اور اسے کام فراہم کرنے والے مقامی شہری پر بھی جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔
اس ضمن میں وزارت محنت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی ملازمین قوانین پر سختی سے عمل کریں کسی بھی حالت میں قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں تاکہ کسی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں۔ 

شیئر: