Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہریت قانون پر بالی وڈ کی مدد

بالی وڈ میں بھی شہریت قانون کے حوالے سے دو آرا پائی جاتی ہیں، فوٹو: ایم ایس این
انڈیا میں شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد احتجاج سے پریشان مودی حکومت نے بالی وڈ ستاروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے انہیں ایک فائیو سٹار ہوٹل میں مدعو کیا ہے۔
انڈین شہریت قانون میں ’مسلم مخالف‘ ترمیم سے جہاں انڈیا دو حصوں میں بٹا ہوا ہے، اسی طرح انڈین شوبز انڈسٹری یا بالی وڈ میں بھی دو آرا پائی جاتی ہیں۔ کچھ فلمی ستارے کھل کر مودی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں اور کچھ کھل کر شہریت قانون کی مخالفت کر رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یونین منسٹر پیوش گوپال اور بی جے پی کے نائب صدر جے پانڈا نے بالی وڈ سٹارز کو شہریت قانون میں ترمیم کے حوالے سے حقائق بتانے کے لیے مدعو کیا ہے۔

 

دعوت نامے میں لکھا ہے کہ ’میٹنگ کے ایجنڈے میں شہریت قانون کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں اور حقائق پر بات کرنا شامل ہے۔‘ یہ لکھا ہے کہ گفتگو کے بعد گرینڈ حیات ہوٹل ممبئی میں فلم سٹارز کے لیے ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اس دعوت میں جن بڑے سٹارز کو مدعو کیا گیا ہے ان میں جیکی شروف، روینا ٹنڈن، سنیل شیٹھی، ریچا چڈا، کبیر خان، مدھر بھنڈارکر اور بونی کپور شامل ہیں۔
شہریت قانون کے خلاف آواز بلند کرنے والی بالی وڈ شخصیات سوارا بھاسکر، انوراگ کشیپ، نکھل ایڈوانی اور سوشانت سنگھ راجپوت کا نام مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔

بی جے پی نے جیکی شیروف اور سنیل شیٹھی کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے، فوٹو: اے ایف پی

فلمی ستاروں میں شہریت قانون کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں سوارا بھاسکر سرفہرست ہیں جنہوں نے دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم ذرا دیر سے جاگے ہیں، لیکن اب ہم جاگ چکے ہیں۔ آپ نے تمام ملک کو جگا دیا ہے۔ ہم یہاں آپ کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ بالی وڈ فلم انڈسٹری کے بڑے نام شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان شہریت قانون پر بالکل خاموش ہیں۔
دوسری جانب اکشے کمار اور کنگنا رناوت نے حکومتی پالیسی کی حمایت کی ہے، جبکہ فرحان اختر، پرینیتی چوپڑا، سیف علی خان، شبانہ اعظمی اور ریتک روشن شہریت قانون کے خلاف بولے ہیں۔

 سیف علی خان اور پرینیتی چوپڑا نے شہریت قانون کی مخالفت کی ہے، فوٹو: ڈی این اے انڈیا

واضح رہے کہ بی جے پی کی حکومت ایک ایسے وقت میں فلمی ستاروں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہے جب انڈیا میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر شہریت قانون میں کی گئی ترامیم کے خلاف پر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ ترمیم مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس قانون سے سیکولر انڈیا کے نظریے کو ٹھیس پہنچے گی۔

شیئر: