Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب ڈرائیوروں کو خودکار چالان ہوگا

گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنے پر 4 سو درھم چالان ہو گا۔ فوٹو: امارات ٹوڈے
متحدہ عرب امارات کی ٹریفک پولیس نے قوانین میں مزید تبدیلی کی ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے والے ڈرائیوروں کو خود کار چالان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قانون پر عمل درآمد 15 جنوری سے کیا جائے گا۔
امارات ٹوڈے کی اطلاع کے مطابق ابوظبی کی تمام شاہراہوں پر خود کارطورپر کام کرنے والے ڈیجیٹل سسٹم سے لیس کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جو گاڑیوں کے درمیان مقررہ فاصلے کو ریکارڈ کریں گے۔
ڈیجیٹل چالان سسٹم میں ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں پر مقررہ فاصلے کی حد کا تعین کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے درمیان مسافت کو عالمی معیار کے مطابق مقرر کیا گیا ہے تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
ذمہ دار کا کہنا تھا کہ بیشتر حادثات گاڑیوں کے درمیان مسافت نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔ اگر آگے جانے والی گاڑی کا ڈرائیور اچانک کسی وجہ سے بریک لگاتا ہے تو پیچھے سے آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کے پاس اتنا وقت ہونا چاہیے کہ وہ اپنی گاڑی کو کنٹرول کر سکے۔ 

 بیشتر حادثات گاڑیو ں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنے سے ہوتے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا 

 گاڑی کا درمیانی فاصلہ ناکافی ہونے کی صورت میں تصادم یقینی ہوجاتا ہے۔
روڈ سیفٹی کے قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے مابین فاصلے کا تعین گاڑیوں کی رفتار کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ٹریفک حادثات سے بچائو کمیٹی کے ماہر جمال العامری کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کے مطابق گاڑیوں کے مابین فاصلہ کا تعین رفتار سے کیا جاتا ہے، اگر سامنے والی گاڑی کی فی گھنٹہ رفتار 80 کلو میٹر ہو تو پیچھے والی گاڑی اس سے کم از کم 22 میٹر دور ہونا چاہیے۔ 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جانے والی گاڑی کے عقب میں آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو چاہیے کہ وہ کم ازکم 50 میٹر کا فاصلہ رکھے جو کہ دونوں کے لیے محفوظ ہو گا۔
العامری نے مزید کہا کہ بعض اوقات کچھ لوگ انتہائی خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے اپنے سامنے جانے والی گاڑی کے بالکل عقب میں پہنچ جاتے ہیں، جس سے بیشتر اوقات سامنے جانے والی گاڑی کا ڈرائیور اپنے عقب میں تیز رفتاری سے آنے والی گاڑی کو دیکھ کر گھبرا جاتا ہے جو یقینی طور پر حادثے کا باعث ہوتا ہے۔
دریں اثناء ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی شق نمبر 178 جو کہ سال 2017 میں منظور ہوا تھا، اس میں گاڑیوں کے درمیان مقررہ فاصلے سے کم رکھنے پر 400 اماراتی درھم کا چالان کیاجاتا ہے جبکہ ڈرائیور کے 4 پوائنٹس بھی کم ہو جاتے ہیں۔

شیئر: