Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہن کی مسکراہٹ ہر درد سے پنگا لینے کی طاقت‘

اداکارہ کنگنا رناوت نے دیپکا پاڈوکون کو ان کی فلم ’چھپاک‘ کی مبارکباد دی، فوٹو: اے ایف پی
خان کی دوستی اور دوسرے اداکاروں کو پروموٹ کرنے کی روایت اب بالی وڈ اداکاراؤں میں بھی دیکھی جا رہی ہے اور اس کا اظہار اب زیادہ واضح نظر آ رہا ہے۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے دیپکا پاڈوکون کو ان کی فلم ’چھپاک‘ کی ریلیز سے قبل تیزاب کے حملے میں بچ جانے والی لڑکی کی کہانی بیان کرنے پر مبارک باد دی ہے۔
فلم ’کوئین‘ کی اداکارہ نے انسٹا گرام پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’اس فلم نے ان کے دل کو ذاتی طور پر چھوا ہے کیونکہ ان کی بہن رنگولی چنڈیل بھی تیزاب کے حملے سے بچنے والی خاتون ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں نے فلم ’چھپاک‘ کا ٹریلر دیکھا اور مجھے وہ ٹریلر دیکھنے کے بعد میری بہن رنگولی کے ساتھ ہوئے حادثے کی، جو ان پر تیزاب کا حملہ ہوا تھا، ساری یادیں تازہ ہو گئيں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اپنے اور اپنے اہل خانہ کی خاطر میری بہن رنگولی کی ہمت مجھے ہر مشکل حالات سے پنگا لینے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس کی مسکراہٹ مجھے ہر درد سے پنگا لینے کی طاقت دیتی ہے۔‘
اس کے جواب میں دیپکا نے حال ہی میں کہا ہے کہ ’وہ کنگنا کی فلم پنگا کے ٹریلر سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔'
خیال رہے کہ کنگنا رناوت کی فلم ’پنگا‘ 24 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔
 
تاہم ڈمپل گرل دیپکا کی فلم ’چھپاک‘ کو بائیکاٹ کا سامنا ہے اور جب سے وہ دہلی میں قائم جواہر لعل نہرو یونیورسٹی گئی ہیں اور وہاں کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے، سوشل میڈیا پر ’بائیکاٹ چھپاک‘ کے ساتھ ’آئی سپورٹ دیپکا‘ بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ’شیم آن بالی وڈ‘ بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی پر دیپکا کی فلم چھپاک کو بائیکاٹ کا سامنا ہے، فوٹو: اے ایف پی

’شیم آن بالی وڈ‘ اس لیے ٹرینڈ کر رہا ہے کہ لوگ بالی وڈ کے بڑے سٹارز سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان کے علاوہ امیتابھ بچن کی خاموشی پر بھی حیران ہیں کہ ملک میں شہریت کے ترمیمی قانون کے خلاف اتنی آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور مختلف یونیورسٹیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن یہ سب بالکل خاموش ہیں۔
اب جب سلمان کی بات آ ہی گئی ہے تو بتا دیں کہ ان کی فلم ’دبنگ تھری‘ دو سو کروڑ کمانے والی فلموں میں شامل ہو رہی ہے، لیکن انھوں نے ایک بار پھر اپنی دریا دلی کا ثبوت دیا ہے۔
اس بار انھوں نے ’دبنگ تھری‘ میں ولن کا کردار ادا کرنے والے اداکار کیچھا سودیپ کو ایک نئی کار تحفے میں دی ہے۔
فلم میں خواہ وہ ایک دوسرے کے دشمن ہیں، لیکن اصل زندگی میں دوست ہیں۔ سلمان خان نے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ روپے (ایک کروڑ 55 لاکھ) کی ایک نئی بی ایم ڈبلیو ایم 5 کار اپنے دوست کو تحفے میں دی ہے۔

یہ کار 4395 سی سی کی ہے اور اس میں وی 8 ٹوئن ٹربو پیٹرول انجن ہے۔
سودیپ نے لکھا کہ ’جب آپ کچھ اچھا کرتے ہیں تو ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ سلمان خان نے اس بات کو مزید سچ کر دکھايا کہ جب انھوں نے اپنے ساتھ ایک بی ایم ڈبلیو ایم 5 لا کر مجھے حیران کر دیا۔ جو محبت آپ نے مجھ پر لٹائی ہے اس کا شکریہ سر۔ آپ کے ساتھ کام کرنا اور میرے گھر آپ کا آنا میرے لیے باعث افتخار ہے۔‘
’گینگز آف واسع پور‘ جیسی فلم بنانے والے فلم ساز اور ہدایت کار انوراگ کشیپ انڈیا میں رونما ہونے والے واقعات پر سب سے زیادہ کھل کر بول رہے ہیں اور وزیر اعظم مودی اور ان کی پارٹی کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔
انھوں نے معروف صحافی راجدیپ سردیسائی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انھوں نے تو ٹوئٹر چھوڑ دیا تھا اور اپنے کام میں مشغول ہونے والے تھے کہ جامعہ کی لڑکی کی وائرل ویڈیو دیکھی اور پھر سوچا کہ اب چپ نہیں بیٹھا جا سکتا ہے۔
منگل کو انھوں نے ممبئی میں بہت سے دیگر بالی وڈ فنکاروں کے ساتھ جے این یو کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ ان کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنوں اور فلم ساز زویا اختر بھی تھیں۔

انوراگ کے مطابق قوم کو ’غدار‘ اور ’وطن پرستوں‘ میں تقسیم کر دیا گیا ہے، فوٹو: اے ایف پی

وہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جے این یو میں حملہ کرنے والے اس لیے گرفتار نہیں ہوئے کیونکہ حکومت کو انھیں گرفتار کرنا ہی نہیں ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ سارے ان کے اپنے لوگ ہیں۔‘
’سیدھی سی بات ہے کہ اس سرکار کا ایجنڈا بہت صاف ہے۔ ان کا اے ایم یو (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) میں الگ اصول ہوتا ہے۔ جامعہ میں الگ قانون ہوتے ہیں اور جے این یو میں الگ ہو جاتے ہیں۔ وہاں پولیس گھس کے مارتی ہے یہاں باہر کھڑی رہتی ہے، جہاں ان کے لوگ ہیں وہاں باہر کھڑی رہتی ہے۔‘
دوسری جانب انھوں نے راجدیپ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اتنا کچھ آپ کے آس پاس ہو رہا ہے اور آپ کس طرح خاموش رہ سکتے ہیں۔ اس حکومت نے صرف سوال کرنے سے بچنے کے لیے دشمن بنانا شروع کر دیے ہیں۔ وہ سوال پسند نہیں کرتے۔ انھوں نے ملک کو دو طرح کے لوگوں میں تقسیم کر دیا ہے ایک غدار اور دوسرے وطن پرست ہیں، جو سوال کرتے ہیں وہ غدار ہیں اور جو مودی بھکت ہیں وہ دیش بھکت ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی نہ ہوں وہ انڈیا ہوں۔‘

شیئر: