Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ریاض میں 10 نامعلوم قبریں دریافت

حکام کے مطابق دورے میں پتا چلا کہ قبریں ساری کی ساری کھلی ہوئی تھیں، فوٹو: عاجل
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک علاقے سے نامعلوم افراد کی 10 قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ انجانی قبروں کی دریافت نے پورے علاقے میں کھلبلی مچا دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض کی بلدیاتی کونسل کے رکن ابراہیم فہید العنزی نے بتایا ہے کہ ’وہ مشرقی ریاض کا دورہ کررہے تھے۔ اچانک ایک احاطے کے اندر 10 قبریں دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے‘۔
العنزی نے بتایا ہے کہ ’احاطے کے چار دروازے تھے مگر سب کے سب کھلے ہوئے تھے۔ یہ مقام النظیم سے نو کلو میٹر مشرق میں واقع ہے۔ زیادہ حیرت اس وقت ہوئی جب دوبارہ اس جگہ کا دورہ کیا تو پتا چلا کہ وہ قبریں ساری کی ساری کھلی ہوئی تھیں اور ان میں کچھ بھی نہیں تھا۔ اس سے لگتا ہے کہ اس کے پیچھے کوئی راز ہے‘۔ 

قبروں کی دریافت کے بعد میونسپلٹی نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی، فوٹو: عاجل

العنزی نے عاجل ویب سائٹ کے نمائندے سے گفتگو میں بتایا کہ ’مجھے حیرت اس لیے بھی ہوئی کہ یہ احاطہ رہائشی محلوں اور وہاں موجود فیکٹریوں کے قریب واقع ہے‘۔
العنزی کا کہنا ہے کہ ’فوری طور پر میں نے کارروائی کی اور ایک خط میں نے بلدیاتی کونسل کو لکھا۔ کونسل نے ریاض میونسپلٹی کو اس کی اطلاع دی لیکن عجیب بات یہ ہے کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ واقعے کے بعد 15 روز گزر چکے ہیں۔ ایک ہفتے قبل میں نے النظیم پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرا کر پورے واقعہ کی تفصیلات بھی پیش کردی تھیں‘۔
العنزی نے کہا کہ ’یہ واقعہ ایسا نہیں جس پر خاموشی اختیار کی جائے۔ واقعہ کی تحقیقات اشد ضروری ہے۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ اس میں غیر قانونی تارکین کا کوئی ہاتھ ہوسکتا ہے جہاں یہ اچھی خاصی تعداد میں رہ رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو گی‘۔

شیئر: