Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ: کرس گیل

آپ کو صدارتی معیار کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی تو آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں (فوٹو: اے پی)
کرکٹ کی دنیا میں اپنے جارحانہ بیٹنگ سٹائل کی وجہ سے مشہور کرس گیل نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیش پریمییر لیگ میں چٹاگانگ کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل نے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں سکیورٹی کو بہترین قرار دیا۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کرکٹ کے لیے پاکستان کو محفوظ سمجھتے ہیں؟
اس پر کرس گیل نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔
سوشل میڈیا پر دستیاب ان کے ویڈیو کلپ میں وہ کرکٹ سیریز کے دوران سکیورٹی انتظامات کے تناظر میں مزید کہتے ہیں کہ وہ (پاکستان) کہتا ہے کہ آپ کو صدارتی معیار کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی تو آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔‘
بنگلہ دیش میں کرس گیل کے اس بیان کو ماہرین کافی اہمیت دے رہے ہیں کہ کیونکہ ان دنوں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ ارو ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے حوالے سے بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔
پاکستان نے اس سیریز کی میزبانی کرنی ہے اور اس حوالے سے مہمان ٹیم کا کرکٹ بورڈ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے چکا ہے اور اگر بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دیتا ہے تو یہ پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک بڑی خبر ہو گی کیونکہ چند ہفتے پہلے ہی سری لنکا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر چکی ہے اور ملک میں سال دو ہزار نو کے بعد پہلی بار انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ممکن ہوئی تھی اور اس سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ دیگر بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گے۔
اس کے علاوہ رواں پاکستان کی ٹی ٹوئٹی لیگ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے تمام میچ پہلی بار ملک کے اندر ہی کھیلے جائیں گے جس میں کرس گیل کے کئی ہم وطن کرکٹرز شامل ہوں گے۔
 

شیئر: