فضائی حدود کی بندش کے درمیان خلیجی ایئرلائنز محدود پروازیں شروع کرنے کو تیار
ایمریٹس نے کہا ہے کہ 5 اور 6 مارچ کو 100 سے زائد پروازیں دبئی سے روانہ ہوں گی۔ فائل فوٹو: ایمریٹس
قطر ایئرویز اور ایمریٹس نے کہا ہے کہ وہ 5 مارچ سے محدود ریلیف پروازیں چلائیں گے تاکہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد بڑے پیمانے پر فضائی حدود کی بندش سے عالمی سفر میں خلل پڑنے کے باعث پھنسے مسافروں کی مدد کی جاسکے۔
عرب نیوز کے مطابق قطر ایئرویز نے اعلان کیا کہ اس کی پروازیں مسقط، عمان سے چھ یورپی مقامات کے لیے روانہ ہوں گی جن میں لندن، برلن اور روم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریاض سے فرینکفرٹ کے لیے بھی پروازیں چلائی جائیں گی۔
فلائٹ ریڈار24 کے مطابق یہ 28 فروری کے بعد ایئر لائن کی پہلی پروازیں ہوں گی۔ قطر ایئرویز کا مرکز دوحہ ہے جو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔
ادھر ایمریٹس نے کہا کہ وہ 5 مارچ سے سات مارچ کو مقامی وقت رات 11:59 تک پروازیں چلائے گی۔ خطے میں موجودہ حالات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مسافر دبئی، ابوظبی اور دیگر ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق ’ہم ان محدود پروازوں میں پہلے سے بکنگ کرانے والے صارفین کو ترجیح کے دیتے ہوئے ایڈجسٹ کر رہے ہیں۔‘
ایمریٹس نے کہا ہے کہ دبئی میں ٹرانزٹ پر آئے مسافروں کو صرف اُس صورت میں لیا جائے گا اگر اُن کی کنیکٹنگ فلائٹ چل رہی ہو۔‘
ایئر لائن مسافروں کو مشورہ دیتی آئی ہے کہ وہ ہوائی اڈے پر نہ جائیں جب تک کہ انہیں ایمریٹس کی طرف سے براہ راست مطلع نہ کیا گیا ہو یا ان پروازوں کی تصدیق شدہ بکنگ نہ ہو۔
ایئر لائن نے مزید کہا کہ ’ایمریٹس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اور ہم اس کے مطابق اپنا آپریشنل شیڈول تیار کریں گے۔‘
پانچ مارچ کی صبح تک ایمریٹس کی پروازیں دبئی سے سڈنی، پیرس اور ایمسٹرڈیم کے ساتھ ساتھ ٹورنٹو اور ممبئی کے لیے روانہ ہو چکی تھیں، فلائٹ ریڈار24 کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر پروازیں منسوخ ہی رہیں۔
ایمریٹس نے کہا ہے کہ 5 اور 6 مارچ کو 100 سے زائد پروازیں دبئی سے روانہ ہوں گی اور واپس آئیں گی۔
بیان کے مطابق ’یہ پروازیں ان لوگوں کو لے کر جائیں گی جو پنی منزلوں تک پہنچنے تک پہنچنے کے انتظار میں ہیں۔ ان پروازوں میں کارگو کے طور پر ادویات جیسی ضروری اشیا بھی بھیجی جائیں گی۔‘
ایئر لائن نے مزید کہا کہ ’ایمریٹس اپنے فلائنگ شیڈول کو بتدریج بحال کرتا رہے گا، اس کے تحت فضائی حدود کی دستیابی اور تمام آپریشنل ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے۔‘
دوسری جانب اتحاد ایئرویز کی ابوظہبی جانے اور جانے والی تمام تجارتی پروازیں 6 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 6:00 بجے تک معطل رہیں گی۔
