پی ایس ایل 11 کا آفیشل لوگو جاری،افتتاحی میچ لاہور میں ہو گا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا آفیشل لوگو جاری کر دیا گیا ہے۔
لیگ کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے لوگو میں اردو لفظ ’گیارہ‘ کے ساتھ ہندسہ 11 کو بھی منفرد انداز میں نمایاں کیا گیا ہے، جو اس ایڈیشن کی شناخت ظاہر کرتا ہے۔
نئی سیزن میں اس بار مجموعی طور پر 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی اور ایونٹ کی افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا باقاعدہ آغاز 26 مارچ کولاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم سے ہوگا، جہاں افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ نئی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین سے متوقع ہے۔
اس سیزن کی خاص بات یہ ہے کہ لیگ میں دو نئی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے جن میں حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین اور پنڈیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ اسٹالینز کو نئے نام کے ساتھ ملتان سلطانز کے طور پر ری برانڈ کیا گیا ہے۔
تمام ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے تیار ہیں جبکہ کرکٹ شائقین بھی لیگ کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس لیگ کے چند میچز پہلی بار پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے، جس سے مقامی شائقین کو براہ راست میچ دیکھنے کا موقع ملے گا۔