Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی گرفتاری کی شکایت ابشر کے ذریعہ ممکن

ابشر کے ذریعے غیر قانونی گرفتاری پر شکایات کے اندراج کی سہولت مہیا کی گئی ہے (فوٹو: سبق)
پبلک پراسیکیوشن نے سعودی عرب میں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے اپنی نوعیت کی منفرد سہولت کا اعلان کیا ہے۔
اب غیر قانونی گرفتاری پر مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی  آن لائن شکایت درج کراسکتے ہیں۔ فوری نوٹس لیا جائے گا۔ پبلک پراسیکیوشن نے یہ انتظام ابشر کے تعاون سے کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق معاون سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن عبداللہ بن ناصر المقبل نے بتایا کہ ’محکمہ جیل خانہ جات اور حراستی اداروں نے ابشر کے ذریعے غیر قانونی گرفتاری پر شکایات کے اندراج کی سہولت مہیا کی ہے‘۔
پبلک پراسیکیوٹر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں پبلک پراسیکیوشن کے اختیارات کا دائرہ کار وسیع اور منظم کیا جائے گا۔ 
معاون سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن عبداللہ بن ناصر المقبل نے کہا ہے کہ ’جیلوں اور حوالات کے اداروں کی کڑی نگرانی ہوگی۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی شہری یا مقیم غیر ملکی کو ناحق نہ تو حوالات میں بند کیا جائے اور نہ ہی اسے جیل خانے بھیجا جائے۔ عدل کا بول بالا ہوگا اور سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے حقوق کو وسیع تحفظ فراہم کیا جائے گا‘۔

شکایت ملتے ہی پبلک پراسیکیوشن کی ٹیم جیل یا حوالات کا فوری دورہ کرے گی (فوٹو: سبق)

المقبل نے توجہ دلائی ہے کہ ’فوجداری مقدمات کی کارروائی کے قانون کی دفعہ چالیس میں یہ بات تحریر ہے کہ اگر جیل میں کسی شخص کو رکھا گیا ہو یا کسی عنوان سے کسی کو حوالات میں بند کیا گیا ہو تو پہلی فرصت میں اسکی اطلاع پبلک پراسیکیوشن کو دی جائے‘۔ 
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ بات بھی واضح کردی گئی ہے کہ غیر قانونی طریقے سے کسی کو بھی حوالات میں رکھنا یا جیل میں ڈالنا یا قید اور حوالات کے لیے غیر مخصوص مقامات پر کسی کو رکھنا عدالت کے خلاف ہے۔ پبلک پراسیکیوشن کو اس سے مطلع کرنا ہوگا‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’نئے انتظام کی بدولت کوئی بھی شخص ابشر کے ذریعے پبلک پراسیکیوشن کو غیر قانونی گرفتاری یا ایسے کسی مقام پرخود کو قید کرنے کی شکایت کرسکتا ہے جو قید یا حوالات کے لیے مخصوص نہ ہو‘۔
المقبل نے توجہ دلائی کہ شکایت ملتے ہی پبلک پراسیکیوشن کی ٹیم جیل یا حوالات کا فوری دورہ کرے گی اور ضروری تحقیقات کرکے  جیل یا حوالات میں غیر قانونی طور پر موجود سعودی اور غیر ملکی کو فوری رہا کرائے گی۔ اس حوالے سے باقاعدہ قانونی کارروائی ریکارڈ پر لائے گی‘۔

شیئر: