Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش: 10 سالہ بچے نے ایپ بنا ڈالی

ایمن نے اس ایپ کا نام اپنی والدہ کے نام پر رکھا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
بنگلہ دیش میں ان دنوں 10 سالہ بچے کی دھوم مچی ہے جس نے نئی سوشل میڈیا ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے لوگ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں سے ویڈیو چیٹ کرسکتے ہیں۔
اب تک 10 ہزار 500 لوگ گوگل پلے سٹور سے اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔
ایمن ال انعم نے 27 دسمبر کو یہ ایپ گوگل کو جمع کروائی تھی اور سکروٹنی اور تصدیق کے عمل کے بعد گوگل نے 31 دسمبر کو اس ایپ کو اپنے پلے سٹور پر ڈال دیا۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ایمن ال انعم نے بتایا کہ ’بنگلہ دیشی صارفین بیرون ملک بات چیت کے لیے اب تک واٹس ایپ، وائبر اور ایمو جیسی دیگر ایپلی کیشنز پر انحصار کررہے ہیں۔
میں نے یہ سوچا کہ ہمارے پاس کچھ اپنا ہونا چاہیے، اس (خیال) نے مجھے میری کمیونیکیشن ایپ پر کام کرنے کا حوصلہ دیا۔‘
یہ ایپ تیار کرنے کے لیے 10 سالہ بچے کو 10 مہینے کا وقت لگا جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی استاد کی مدد نہیں لی بلکہ یہ ٹاسک خود اکیلے ہی پورا کیا۔

لیتا فری ویڈیو کالز اینڈ چیٹ نامی یہ ایپ اپنے صارفین کو بہترین کوالٹی اور اعلی معیار کی ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کرتی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

’میں نے مختلف یوٹیوب ٹیوٹوریلز دیکھ کر یہ سارا عمل سیکھا۔‘
لیتا فری ویڈیو کالز اینڈ چیٹ نامی یہ ایپ اپنے صارفین کو بہترین کوالٹی اور اعلی معیار کی ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ دیگر ایپلی کیشنز کی نسبت یہ ایپ کم وقت میں زیادہ اور بڑے ڈیٹا کی منتقلی کے لیے بھی اہم سمجھی جارہی ہے۔
کم عمری میں ایمن کی اس کامیابی نے ان کے والدین کو بھی حیران کردیا ہے۔ ان کے والد توہیدش سلام نشاد نے بتایا کہ ’میرے بیٹے کو شروع ہی سے ٹیکنالوجی میں خاصی دلچسپی تھی اور میں نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔ یہ اپنا فارغ وقت کمپیوٹر، سمارٹ فونز اور دیگر آلات کے ساتھ گزارتا تھا، میں نے ہمیشہ اس کا ساتھ دیا مگر میں نے یہ کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ کم عمری میں ہی اتنی بڑی کامیابی حاصل کرلے گا۔‘
ایمن نے اس ایپ کا نام اپنی والدہ کے نام پر رکھا ہے۔ کم عمر موجد چھتوگرام کے سکول ’ ساؤتھ پوائنٹ سکول ایند کالج‘  میں چوتھی جماعت کے طالبعلم ہیں۔ وہ سافٹ ویئر انجینیئر بننا چاہتے ہیں اور گوگل ہیڈکوارٹرز میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

شیئر: