Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ کا لانچ کے صرف تین ماہ بعد گلیکسی زی ٹرائی فولڈ کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ

بلومبرگ کے مطابق، سام سنگ جنوبی کوریا کے بعد امریکہ میں بھی فروخت بند کرے گا۔ تصویر: اے ایف پی
سام سنگ کا مہنگا فولڈ ایبل فون ’گلیکسی زی ٹرائی فولڈ‘ اب مارکیٹ سے ہٹایا جا رہا ہے۔ 
خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق کمپنی نے امریکہ میں اس کی فروخت صرف دو ماہ سے بھی کم عرصے بعد ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سام سنگ اس فون کو مرحلہ وار ختم کرے گا، پہلے اپنی ہوم مارکیٹ جنوبی کوریا میں اس کی فروخت بند کی جائے گی، اور پھر امریکہ میں موجود تمام سٹاک ختم ہونے کے بعد اس کی فروخت بھی روک دی جائے گی۔
امریکہ میں یہ فون صرف سام سنگ کی ویب سائٹ یا اس کے چند ایکسپیرینس سٹورز  پر دستیاب تھا۔
سام سنگ کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ ویب سائٹ پر بھی یہ فون دستیاب نہیں دکھایا جا رہا۔ 
تاہم کچھ صارفین کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکہ کے چند سٹورز سے یہ فون خریدا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ سام سنگ گلیکسی زی ٹرائی فولڈ کو یکم دسمبر 2025 کو متعارف کرایا گیا تھا، 12 دسمبر کو جنوبی کوریا میں لانچ ہوا، اور 30 جنوری کو امریکہ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ اس کی قیمت تقریباً دو ہزار 899 ڈالر تھی۔
اس فون میں 6.5 انچ کا کور سکرین اور دو ہنجز ہیں، جن کی مدد سے یہ کھل کر 10 انچ کی بڑی سکرین بن جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ایک خاص نوعیت کا ’نِش ڈیوائس‘ تھا جو ہر صارف کے لیے نہیں تھا۔ تصویر: اے ایف پی

رپورٹس کے مطابق یہ فون دراصل ایک عام پروڈکٹ کے طور پر نہیں بلکہ ’ٹیکنالوجی شوکیس‘ کے طور پر بنایا گیا تھا، تاکہ سام سنگ اپنی جدید صلاحیتیں دکھا سکے۔ اسی لیے اس کی محدود تعداد میں فروخت کی گئی۔
مزید یہ کہ ڈی ریم، نینڈ فلیش اور ایپلیکیشن پروسیسرز جیسے پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے اس فون کے منافع کو بھی کم کر دیا۔ یہ پرزہ جات سمارٹ فون کی کارکردگی اور سٹوریج کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
اگرچہ یہ فون اپنی لانچ کے وقت کافی مقبول ہوا اور امریکہ میں پہلے ہی دن چند منٹوں میں فروخت ہو گیا، مگر ماہرین کے مطابق یہ ایک خاص نوعیت کا ’نِش ڈیوائس‘ تھا جو ہر صارف کے لیے نہیں تھا۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ سام سنگ مستقبل میں اس کا نیا ورژن متعارف کرائے گا یا نہیں۔
 تاہم دیگر ٹرائی فولڈ فونز میں ’ہواوے میٹ ایکس ٹی الٹی میٹ‘ اور’ٹیکنو فینٹم الٹی میٹ جی‘ شامل ہیں، جنہیں متبادل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

شیئر: