Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 سیریز: بنگلہ دیشی ٹیم لاہور پہنچ گئی

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بدھ کی رات کو لاہور پہنچے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم بدھ 22 جنوری کی رات کو لاہور پہنچ گئی ۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ہوم سیریز میں 24 جنوری کو مہمان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹی20 میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گی۔
تین میچز پر مشتمل اس ٹی20 سیریز کے تمام میچز بالترتیب 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ ٹی20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کا ٹی20 فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان اب تک 10 میں سے 8 میچز میں فتح حاصل کر چکا ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے 2008 میں بھی ٹی20 سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کی تھی۔ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 102 رنز سے ہرایا تھا۔
دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔
اسی طرح دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2 ستمبر 2007 کو کینیا کے شہر نیروبی میں آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں پاکستان نے 30 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
اس میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شعیب ملک حالیہ سیریز میں قومی سکواڈ کا حصہ ہیں تاہم جمعے سے شروع ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی20 میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے لیے ٹاس دوپہر ڈیڑھ بجے ہو گا جبکہ تینوں روز میچ میں کھیل کا باقاعدہ آغاز دن 2 بجے ہو گا۔
27 جنوری کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہو جائے گی جس کے بعد 7 فروری کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اس کی دوبارہ واپسی ہو گی۔
اس کے بعد سیریز کا واحد ایک روزہ میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی 5 سے 9 اپریل تک کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: