Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 سیریز: حفیظ اور ملک کی واپسی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ 
ٹی 20 سکواڈ میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بلے باز احسن علی بھی پہلی بار سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 
ٹیم میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ 
جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے سکواڈ کو اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور تجزبہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 
ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر اعظم ہی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسن علی، عماد بٹ، حارث رؤف، عماد وسیم، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، شاداب خان، محمد موسیٰ، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں۔ 
سرفراز احمد ایک بار پھر ٹی 20 ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ ان کی جگہ محمد رضوان کو ہی بطور وکٹ کیپر شامل کیا گیا ہے۔ محمد عامر بھی سکواڈ سے ڈراپ کیے گئے ہیں۔ 
مصباح الحق نے کہا کہ ’سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی نہ دکھا سکنے کے بعد ہمارے لیے بنیادی سوال یہی تھا کہ جیت کی طرف کیسے آئیں اور یہی سوچ کر کھلاڑیوں کا چناؤ کرتے ہوئے تجربہ کار اور نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائی گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تجربے اور نئے ٹیلنٹ کو ملا کر اچھی ٹیم بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔‘

سرفراز احمد ٹی20 سکواڈ میں شامل نہیں (فوٹو اے ایف پی)

اس موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کی سلیکشن میں میری مکمل مشاورت شامل ہے اور ایک اچھا  کمبی نیشن بنایا گیا ہے۔‘
محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کے حوالے پوچھے گئے ایک سوال پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ان کی پرفارمنس ماضی میں بہت اچھی رہی ہے، وہ ٹیم کے لیے اچھے نتائج لا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آگے پی ایس ایل آ رہا ہے اس کے لیے بھی تیاری کی جا رہی ہے جب کہ اس کے بعد ورلڈ کپ تک کافی گیپ ہے جو ہمارے لیے اچھا موقع ہو گا کہ اس سے قبل مختلف کھلاڑیوں کو چیک کیا جائے۔‘
مصباح الحق نے کہا پی ایس ایل کے بعد آپ کو کئی باتوں کا جواب مل جائے گا۔

حارث رؤف نے آسٹریلین بگ بیش لیگ میں عمدہ بولنگ کی 

ماضی قریب میں شاداب خان کی اچھی کارکردگی نہ ہونے کے باوجود ٹیم میں شامل کیے جانے کے حوالے پوچھے گئے سوال پر مصباح الحق نے کہا ہمیں امید ہے وہ اچھا پرفارم کریں گے۔
اس سوال کہ دورہ آسٹریلیا میں حفیظ احمد کو نہ کھلا کر اور اب ٹیم کا حصہ بنا کر آپ کیا اپنی غلطی کا اعتراف کر رہے ہیں؟  مصباح الحق نے کہا کہ نہیں، کوشش اس وقت بھی یہی تھی کہ اچھی ٹیم بنائیں اور اب بھی یہی کوشش ہے۔
اگر محمد شعیب اور حفیظ کے سیریز میں اچھا پرفارم نہ کر سکنے کے خدشے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’خدشے یا خوف کی کوئی بات نہیں ہے، ہماری کوشش ہے سب کو موقع ملے، شعیب کی فارم اچھی ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ سلمان بٹ کو سلیکٹ نہ کیے جانے کے پیچھے کہیں وہ ٹی وی پروگرام تو نہیں جس میں وہ تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں، تو مصباح الحق نے کہا کہ ’کسی کے لیے کوئی بیریئر نہیں ہے، سیلیکشن کے وقت سب کا جائزہ لیا جاتا ہے۔‘
بنگلہ دیشی ٹیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مصباح الحق نے کہ بنگلہ دیش ایک خطرناک ٹیم ہے، سخت مقابلہ متوقع ہے۔
’بنگلہ دیشی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی استطاعت رکھتی ہے، ہمیں علم ہے کہ اگر جیتنا ہے تو اچھا کھیلنا ہو گا‘
کیا سرفراز کا کیریئر ختم ہو گیا؟ اس کے جواب میں مصباح الحق نے کہا، ایسی بات نہیں ہے، وہ فٹنس کی طرف واپس آ رہے ہیں اور کسی بھی وقت کم بیک کر سکتے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 فروری کو، دوسرا 25 فروری کو اور تیسرا میچ 27 فروری کو کھیلا جائے۔ 
ٹی 20 سیریز کے تینوں میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 

شیئر: