Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شاہ مراکش کی گھڑیوں کی مالیت کتنی؟

قیمتی گھڑیوں کی تعداد 36 ہے مالیت 1.2ملین ڈالر سے زائد ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
 مراکش میں عدالت نے شاہی محل سے قیمتی گھڑیاں چرانے والے گروہ کی مرکزی ملزمہ کو پندرہ برس قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔
 گروہ کی سرغنہ محل میں صفائی پر مامور تھی۔ملزمہ نے اپنے ' دوست ' کے ساتھ وقتا فوقتا چوری کی وراداتیں کی تھیں۔
مراکشی اخبار ' الصباح' نے شاہ محمد السادس کے محل میں ہونے والی چوری کے مقدمے کی کارروائی کے بارے میں بتایا ’ چوری ہونے والی قیمتی گھڑیوں کی تعداد 36 ہے جن کی مالیت 1.2ملین ڈالر سے زائد ہے‘۔
نیوز ویب سائٹ ' سبق ' کے مطابق قصر شاہی سے قیمتی گھڑیوں کی چوری کی وارداتوں میں پندرہ رکنی گروہ ملوث ہے جس کی سرغنہ محل کی صفائی کرنے والی عورت ہے۔

کرمنل کورٹ نے ملزمان کو چار سے پندرہ برس قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

رباط کی کرمنل کورٹ نے ملزمان کو چار سے پندرہ برس قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
وکیل صفائی کے مطابق عدالت نے مرکزی ملزمہ اور اس کے ساتھی کو پندرہ برس قید بامشقت جبکہ مڈل مین اور تین زیورات کے تاجروں کو چار،چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔
گروہ میں شامل مزید دو افراد کو 2019 کے آخر میں قیمتی گھڑیوں کو پگھلا کر اس میں سے سونا نکالنے اور قیمتی پتھر جدا کرکے فروخت کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔
عدالت میں دیگر ملزمان نے جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ فروخت کے لیے لائی جانے والی قیمتی گھڑیاں شاہی محل سے تعلق رکھتی ہیں ۔اس لیے چوری کے مقدمے سے بری کیاجائے ۔
واضح رہے مراکشی قصر کی انتظامیہ کی جانب سے شاہ مراکش محمد السادس کی قیمتی گھڑیوں کی چوری کے بارے میں بڑے پیمانے پر تحقیقات کی گئی۔ 
چوری کے الزام میں قصر شاہی کے کارکن ، محکمہ خفیہ کا ذمہ دار ، شاہی سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ مراکش کے شہر رباط میں سونے کے تاجروں کو گرفتار کیا گیا تھا جن کی تعداد 25 سے زائد تھی۔
ملزمان نے گھڑیوں سے سونا اور قیمتی دھاتوں اور پتھر کو علیحدہ کر کے فروخت کیا تھا۔
مراکشی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شاہ محمد السادس کو قیمتی گھڑیوں کا شوق تھا ۔ شاہ مراکش کی ملکیت میں قیمتی گھڑیاں ، گاڑیاں ، لگژری بوٹس ، نادر پینٹنگز ہیں جن کی مالیت اربوں ڈالر میں بتائی جاتی ہے۔ 
فوربز میگزن کی 2014 کی اشاعت میں شاہ مراکش محمد السادس کو دنیا کے امیر ترین شخصیات میں شمار کیا گیا تھا ۔اس وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 2.5ارب ڈالر بتائی گئی تھی۔ 

شیئر: