Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان متحدہ عرب امارات کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری پر بہت فخر ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قابلِ تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، معدنیات، زراعت اور فِن ٹیک جیسے متنوع شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کی شب اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے قومی دن ’عیدالاتحاد‘ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری پر بہت فخر ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں گہری ہوتی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری اس باہمی تعاون کی ایک روشن مثال ہے جس میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی معیشت کو اہم مدد فراہم کی ہے۔
شہباز شریف نے یو اے ای کی ترقی کے شاندار سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پیش رفت ہمیں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے گہری تعریف سے بھر دیتی ہے، خاص طور پر شیخ زید بن سلطان النہیان کے لیے، جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اس عظیم بھائی چارے اور دوستی کے حقیقی معمار تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس دائمی بھائی چارے کے جذبے کا احترام کرتے ہیں جو ہماری دونوں اقوام کو جوڑے رکھتا ہے، جس کے مرکز میں وہ 18 لاکھ پاکستانی ہیں جو یو اے ای کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور مختلف شعبوں میں اس کی اقتصادی ترقی کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔‘
متحدہ عرب امارات کی عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے شہباز شریف نے خواہش ظاہر کی کہ آنے والے سال پاکستان، یو اے ای اور وسیع خطے کے لیے مزید گہرا تعاون، زیادہ خوشحالی اور دیرپا امن لائیں۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں قابلِ تجدید توانائیوں، مصنوعی ذہانت، پائیداری اور اقتصادی تنوع کے شعبوں میں تعاون کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔‘

شیئر: