اسرائیلی ’خلاف ورزیاں‘ جاری رہنے تک جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع نہیں ہو سکتا: حماس
اسرائیلی ’خلاف ورزیاں‘ جاری رہنے تک جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع نہیں ہو سکتا: حماس
منگل 9 دسمبر 2025 18:05
اسرائیلی نے اردن اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان سرحدی راہداری کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کا منصوبہ اس وقت تک اپنے دوسرے مرحلے کی طرف نہیں بڑھ سکتا جب تک کہ اسرائیلی ’خلاف ورزیاں‘ جاری ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تنظیم نے ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ معاہدے کا احترام کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔
رواں سال اکتوبر سے امریکی سرپرستی میں ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے نے 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی لڑائی کو عارضی طور پر روک دیا تھا تاہم اس کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی کی مخصوص اہداف پر کارروائیاں جاری ہیں۔
دریں اثنا ایک اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ حکام غزہ جانے والے ٹرکوں کے لیے بدھ کو اردن اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان اسرائیل کے زیرِکنٹرول سرحد پر ایلنبی کراسنگ کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دیں گے۔
یہ سرحدی راہداری ستمبر سے بند ہے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن حسام بدران نے اسرائیل پر غزہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی شرائط کے تحت اسرائیل کو مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنا چاہیے تھا اور علاقے میں داخل ہونے والی امداد کا حجم بڑھانا چاہیے تھا۔
انہوں نے معاہدے کرانے والے ثالثوں مصر، قطر اور امریکہ سے کہا کہ وہ اسرائیل پر ’جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد مکمل کرنے کے لیے‘ دباؤ ڈالیں۔
معاہدے کی شرائط کے تحت فلسطینی عسکریت پسندوں نے علاقے میں قید باقی 48 افراد کو رہا اور لاشوں کو واپس کر دیا تھا۔ اس وقت غزہ میں صرف ایک اسرائیلی کی لاش باقی ہے۔
جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں یہ بھی شرط ہے کہ غزہ میں زیادہ امداد داخل ہو گی۔ فوٹو: اے ایف پی
اس کے بدلے میں اسرائیل نے اپنی تحویل میں موجود تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے اور سینکڑوں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی لاشیں واپس کی ہیں۔
جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں یہ بھی شرط ہے کہ غزہ میں زیادہ امداد داخل ہو گی۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ معاہدے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہو جائے گا لیکن حسام بدران نے کہا کہ یہ مرحلہ ’اُس وقت تک شروع نہیں ہو سکتا جب تک قابض (اسرائیل) اپنی خلاف ورزیاں جاری رکھے گا۔‘