Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ریاست کے اندر ریاست کی اجازت نہیں‘

چند روز قبل پی ٹی ایم کے رہنما منظور پشتین کو پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: فیس بک)
وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشتریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی ذہنیت جارحانہ اور انتہا پسندانہ ہے اور پی ٹی ایم کے رہنماؤں کی گرفتاری ان کی طرف سے قانون کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا کے ساتھ ایک سیشن کے دوران مشیر اطلاعات نے کہا کہ ’ریاست کے اندر ریاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کوئی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے گا تو قانون عمل میں آئے گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی ہے تاہم پی ٹی ایم رہنماؤں نے پاکستانی حکومت کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ضلعی حکومت نے ایکشن لیا تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کو پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا اس کے بعد اسلام آباد پریس کلب کے سامنے منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کرنے والے پی ٹی ایم کے رکن اسمبلی محسن داوڑ سمیت متعدد افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تاہم ایک دن بعد انہیں رہائی مل گئی تھی۔

اسلام آباد پریس کلب کے سامنے منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ ہوا (فوٹو: اے ایف پی)

غیرملکی صحافیوں کی جانب سے ان گرفتاریوں کو اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قرار دینے کے سوال پر مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے رہنما کوئی صحافی نہیں تھے بلکہ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی تھی۔
پی ٹی ایم کے نظریات کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ مین سٹریم سیاسی بیانیے کو اپنائیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں