Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کی وزیرداخلہ کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر بات چیت

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے وزیرداخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے وزیرداخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
’وزیراعظم نے بحرین کے وزیرداخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور بحرین کے شاہ عزت مآب حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’بحرین اور پاکستان کی درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہے۔‘
’بحرین میں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی میں ایک کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے تیز تر ویزہ پراسیسنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ’ہماری خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے جیسا کہ ہم بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اس حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔‘
اس موقعے پر بحرین کے وزیرداخلہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

شیئر: