Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رام لکھن‘ والے انیل کپور اب ’ملنگ‘ پولیس افسر بن گئے

انیل کپور نے رام لکھن میں بھی پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بالی وڈ کے ’رام لکھن‘ کو فلم انڈسٹری کا پسندیدہ پولیس افسر قرار دینا غلط نہیں۔ نامور اداکار انیل کپور ایک بار پھر پولیس افسر کا کردار نبھانے جا رہے ہیں، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ یقیناً رام لکھن کے کردار سے کسی طور کم نہیں ہو گا۔
مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ فلمائی گئی فلم رام لکھن میں انیل کپور نے ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا جو صرف امیر ہونے کی خواہش رکھتا تھا۔
لیکن فروری میں ریلیز ہونے والی فلم ’ملنگ‘ میں انیل کپور ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کو موجودہ نظام پر بے حد غصہ ہے۔
انیل کپور کی خواہش تھی کہ فلم میں ان کا حلیہ اور کردار عمر کے مطابق ہو۔ پچاس سالہ پولیس افسر کا کردار نبھانے کے لیے انیل کپور کی خواہش تھی کہ ان کے سفید بالوں کو قدرتی حالت میں ہی چھوڑا جائے۔
انیل کپور نے ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ پہلے تو انہوں نے اس کردار کو قبول کرنے سے انکار کرنے کا سوچا۔
’میں پہلے ہی پولیس افسر کا کردار ادا کر چکا ہوں، تو مجھے دوبارہ نہیں کرنا چاہیے۔‘
لیکن پھر انیل کپور کو احساس ہوا کہ ’پولیس افسر کا کردار ایسا ہے جو بار بار کیا جا سکتا ہے۔‘

کردار کو دلچسپ بنانے کے لیے لال چشمے اور مخصوص قمیص کا اضافہ کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسے تو بالی وڈ میں دبنگ خان جیسے پولیس افسر بھی سکرین پر آ چکے ہیں لیکن انیل کپور کا پسندیدہ کردار ’اردھ  ستیا‘ کا تھا جو اوم پوری نے نبھایا۔
انہوں نے ہالی وڈ کے نامور اداکار کلنٹ ایسٹ ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’ڈرٹی ہیری‘ جیسے کردار متعدد بار کیے۔
انیل کپور نے ملنگ فلم میں اپنے کردار کے بارے میں کہا کہ اتنا سنجیدہ کردار انہوں نے پہلے نہیں کیا۔
’میں نے اس کردار کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی ہے جتنا میں کر سکتا تھا۔‘
انیل کپور نے کہا کہ ان کے کردار کو دلچسپ بنانے کے لیے ایک مخصوص انداز کی قمیص اور لال چشمے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

شیئر: