Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کو قیامت سے قیامت تک جنم دن مبارک ہو‘

عامر خان کے مداحوں نے بھی جوہی چاولہ کو یوم پیدائش کی مبارکباد دی۔ فوٹو: انسٹاگرام
1984 میں ہندوستان کے مقابلہ حسن کی فاتح کے سر پر بالی وڈ کی اپنے زمانے کی مقبول ترین اداکارہ ریکھا نے تاج رکھا تھا۔
اور وہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ فلم 'قیامت سے قیامت تک' کی اداکارہ جوہی چاولہ تھیں۔ جوہی چاولہ نے اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ بدھ کو ان کا یوم پیدائش تھا۔
ان کے مداحوں نے تو انہیں جنم دن کی مبارکباد دی ہے عامر خان کے مداحوں نے بھی انہیں یوم پیدائش کی مبارکباد دی اور لکھا ’آپ کو قیامت سے قیامت تک جنم دن مبارک ہو۔‘

مقابلہ حسن سے انڈیا کی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکاراؤں کی اب خاصی تعداد ہے لیکن اس زمانے میں معدودے چند ہی اداکارائیں اس سمت رخ کرتی تھیں۔ ان میں جوہی چاولہ سے پہلے زینت امان کا نام آتا ہے لیکن ان کے بعد مقابلہ حسن کی کم از کم ایک درجن فاتح بالی وڈ میں نظر آئی ہیں۔
پرینکا چوپڑہ جنہوں نے 2000 میں مقابلہ حسن میں مس ورلڈ کا تاج حاصل کیا تھا انہوں نے کہا ’مقابلہ حسن کے بعد فلموں میں انٹری بہت آسانی سے مل جاتی ہے لیکن وہاں ٹکنا آپ کی اداکاری اور صلاحیت پر منحصر ہے۔‘
جو ہی چاولہ نے ایک سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی اور انہیں دو بار بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی مل چکا ہے جو ایک بڑا اعزاز ہے۔

کوکاکولا کا راج

گذشتہ روز بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور نے اپنے بچپن کی تصاویر پوسٹ کیں جس نے کئی لوگوں کو ماضی کی یادوں میں پہنچا دیا ان میں انیل کپور بھی شامل ہیں۔
رشی کپور نے انڈیا میں کوکاکولا کی ایک ابتدائی زمانے کی تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے علاوہ بونی کپور، ٹوٹو شرما اور انیل کپور نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ معروف صحافی خالد محمد نے یہ تصویر لی تھی۔
 
 
رشی کپور کے اس پوسٹ کو 15 ہزار بار لائک کیا گیا اور 800 سے زیادہ بار ری ٹویٹ کیا گیا۔ کوکا کولا انڈیا نے اپنے ایک ٹویٹ میں انیل کپور، بونی کپور اور رشی کپور کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا 'کتنے یادگار اور پیارے لمحے کو یہاں شیئر کیا گیا ہے۔ ہم لوگ آپ کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں۔ چیئرز۔‘
اس کے بعد رشی کپور نے ہی کوکاکولا کے ساتھ راج کپور اور نرگس کی ایک تصویر شیئر کی جس نے سونے پر سہاگے کا کام کیا اور اس کے ساتھ لکھا کہ ان سے پہلی نسل کس طرح کوکاکولا انجوائے کر رہی ہے۔ اس تصویر کو پہلی بار سوشل میڈیا پر ریٹرو فلکس نے شیئر کیا تھا۔
نرگس اور راج کپور نے ایک ساتھ ایک درجن سے زیادہ فلموں میں کام کیا اور راج کپور کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ نرگس پر فدا تھے لیکن نرگس نے اداکار سنیل دت سے شادی کی۔

شیئر: