Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے متاثرہ علاقے کی نشاندہی ایپ سے

ایپ گوانگ دونگ صوبے کے گیارہ شہروں کی تفصیلات مہیا کرتی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
چین کے رہائشی کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایسی موبائل ایپلی کیشن استعمال کر رہے ہیں جو ان کو وائرس سے متاثر علاقوں کے بارے میں فوری اطلاعات فراہم کرتی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی مقامی کمپنیوں کوانٹ اربن اور وی چیٹ کے اشتراک سے بنائی گئی موبائل ایپ ان علاقوں کا ڈیٹا جمع کر کے شائع کرتی ہے جہاں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں۔
فی الحال یہ ایپ صرف گوانگ دونگ صوبے کے گیارہ شہروں کی تفصیلات مہیا کرتی ہے۔ گوانگ دونگ وائرس زدہ شہر ووہان سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ صوبہ ہوبی کے شہر ووہان میں جنم لینے والا کورونا وائرس چین کے دیگر شہروں میں پھیلا ہے۔
چین میں اب تک کورونا وائرس سے 425 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
صوبہ گوانگ دونگ کے دارالحکومت شینزین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 تک پہنچ گئی ہے۔
شینزین کو ٹیکنالوجی کا مرکز بھی سمجھا جاتا ہے جو چین کو ہانگ کانگ سے ملاتا ہے۔ چین کے وائرس سے متاثرہ صوبوں سے تعلق رکھنے والے اکثر افراد کام کی غرض سے شینزین میں رہائش پذیر ہیں۔
اگلے چند دنوں میں شینزین شہر میں وائرس کی وبا زیادہ شدت سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کوانٹ اربن کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ایپ کا مقصد وائرس زدہ علاقوں کو نقشے کے ذریعے دکھانا ہے تاکہ شہری متاثرہ علاقوں کا اندازہ لگاتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔

چین میں اب تک کورونا وائرس سے 425 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

کورونا وائرس سے متعلق ملنے والی سرکاری معلومات کو مسلسل ایپ پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
سٹیون نامی طالب علم نے روئٹرز کو بتایا کہ ایپ ان کے لیے انتہائی مدد گار ثابت ہوئی ہے۔
’اگر مجھے معلوم ہو کہ میرے ارد گرد کوئی شخص بیمار ہے، تو میں اضافی احتیاطی تدابیر اپنا سکتا ہوں۔‘
چین میں ایسے دیگر پروگرام بھی متعارف کروائے گئے ہیں جن کے استعمال سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ جس بس، ٹرین یا جہاز پر انہوں نے سفر کیا ہے وہ ان سے پہلے کسی وائرس سے متاثرہ شخص نے استعمال کی تھی یا نہیں۔

شیئر: