Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان: فائرنگ سے دو امریکی فوجی ہلاک

امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان فوجی وردی میں ملبوس شخص نے فائرنگ کی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی فوج نے افغانستان میں افغان اہلکار کی مشین گن سے فائرنگ کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور چھ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار میں رات گئے اس وقت پیش آیا جب امریکی اور افغان کمانڈو نے ضلع شیرزاد میں ایک اہم آپریشن میں حصہ لیا۔
امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’حالیہ رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ افغان فوجی وردی میں ملبوس ایک شخص نے مشین گن سے امریکی اور افغان مشترکہ فورسز پر فائرنگ کی۔‘
صوبہ ننگر ہار کے گورنر شاہ محمود میاخیل نے صحافیوں کو بھیجے گئے ایک آڈیو بیان میں بتایا ہے کہ حملے میں تین افغان اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعہ کسی ’درانداز‘ کا دانستہ فعل یا محض ایک حادثہ ہے۔‘
میاخیل کا مزید کہنا تھا کہ یہ فورسز کے درمیان تصادم نہیں تھا، ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔‘
لیگیٹ نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ اس حملے کا مقصد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
امریکی فوج کے ساتویں سپیشل فورسز گروپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اس کے کئی اہلکار افغانستان میں ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

شیئر: