Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان: طالبان کے حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک

نیٹو کے مطابق قندھار میں ہوئے ایک اور حملے میں دو امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
حکام کے مطابق افغانستان میں سڑک کے کنارے کیے جانے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بگرام میں کئے گئے طالبان کے حملے میں ایک امریکی فوجی مارا گیا تھا۔ افغان جنگ کے دوران اب تک 24 سو امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
نیٹو کے مطابق افغانستان کے صوبہ قندھار میں امریکی فوجیوں پر ایک اور حملہ ہوا ہے جس میں دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

 

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صوبائی پولیس کے ترجمان جمال ناصر نے بتایا کہ فوجی کندھار ایئر پورٹ کے قریب گشت کر رہے تھے کہ ان پر حملہ ہو گیا۔
طالبان ترجمان ذبیع الدین مجاہد میں ایک ٹویٹ جا ری کی ہے جس میں لکھا ہے کہ ’حملے میں گاڑی میں موجود تمام فوجی مارے گئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں، لیکن اب تک دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدے پر دستخط نہیں ہو سکے ہیں۔

پینٹاگون کہہ چکا ہے کہ امریکہ افغانستان میں موجود اپنے فوجیوں کی تعداد 13 ہزار سے پانچ ہزار تک کرے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکہ کا مطالبہ رہا ہے کہ طالبان پہلے جنگ بندی کریں، جبکہ طالبان کا کہنا ہے کہ پہلے امریکہ اپنی فوج کو افغانستان سے نکالے۔
پینٹاگون کہہ چکا ہے کہ امریکہ افغانستان میں موجود اپنے فوجیوں کی تعداد 13 ہزار سے پانچ ہزار تک کرے گا۔
طالبان کہہ چکے ہیں امریکی فوج کے انخلا کے بعد القاعدہ اور داعش کے خلاف لڑیں گے اور افغانستان کو ’جہادیوں‘ کے لیے جنت نہیں بننے دیں گے۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: