Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی جزیرے فرسان میں کرکٹ میلہ

جزیرے پر کرکٹ میں دلچسپی دیکھتے ہوئے آئندہ بھی ٹورنامنٹ ہو گا۔ (فوٹو لیاقت علی)
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن نے سعودی کرکٹ سنٹر کے لائحہ عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پہلی مرتبہ مکمل تعاون کا اظہار کیا ہے۔
سعودی کرکٹ سنٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ندیم ندوی نے جدہ میں اردونیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن ولید بن طلال نے اس تعاون کے لیے ذاتی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منسٹری آف لیبر اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ سے غیرملکیوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھانے میں خدمات حاصل کی گئی ہیں جو اس سے قبل کھیلوں کے لیے نہیں تھیں، اس کا مقصدیہ ہے کہ سعودی عرب میں بسنے والے ہندوستانی اور پاکستانی یا دیگر ممالک کے لوگ جو کھیلوں سے منسلک ہیں انہیں کس طرح یہ خوشی مہیا کی جا سکتی ہے۔

ندیم ندوی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں بارہ کرکٹ ایسوسی ایشن کا اس وقت سعودی کرکٹ سنٹر کے ساتھ الحاق ہے۔ نیشنل چیمپیئن شپ میں پروفیشنل کرکٹرز یا ریگولر کرکٹرز شامل ہیں اس کے علاوہ لیبر کیمپ میں کرکٹ ہو رہی ہے۔
گذشتہ دنوں سعودی عرب میں جازان ریجن میں جزیرہ فرسان کے لیبر کیمپ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ٹورنامنٹ میں دس ٹیموں نے حصہ لیا، تمام میچ جزیرہ فرسان کے الصیف کیمپ میں کھیلے گئے۔

یہاں موجود کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے کیمپ منیجر اشفاق اور سپروائزر نعمان کی نگرانی میں ٹورنامنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خوب لطف اندوز ہوئے۔دیگر نمایاں پاکستانیوں میں تنویر حسین،محمد اسلام ، لیاقت علی ، رستم او ر دیگر کئی افراد موجود تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے بھرپور خدمات پیش کیں۔ 

فائنل میچ میں 800 سے زائد تماشائی میچ دیکھنے کے لیے جمع تھے، اس جزیرے پر یہ دلچسپی دیکھتے ہوئے کرکٹ کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے وہاں انعامات تقسیم کئے گئے۔
سعودی ویژن 2030کے مطابق یہاں بسنے والے غیرملکیوں کی زندگیوں کو خوشگوار بنانے کے لیے مختلف سرگرمیوں جن میں مختلف کھیل اور دیگر تفریحی پروگرام شامل ہیں کی اجازت دی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں جدہ میں'ڈیڈ اینڈ سن' کرکٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں باپ اوربیٹا مل کر ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے ، اس صحت مند سرگرمی میں غیر ملکی فیملیز نے بھرپور حصہ لیا اورتمام دیکھنے والے خوب لطف اندوز ہوئے۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد کے دوران منسٹری آف سپورٹس اینڈ جنرل اتھارٹی کی ٹیم نے دورہ کیا جب انہیں اس بات کا علم ہوا کہ منسٹری آف لیبر کی اجازت سے اس کا انعقاد کیا گیا ہے تو انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گزشتہ چالیس سال میں اس طرح کی کوئی کوشش نہیں ہوئی۔
سعودی کرکٹ سنٹر کی جانب سے قاسم نقوی، صادق السلام، افتخار، راحت چوہدری اور دیگر افراد نے مل کرمملکت میں اس کھیل کی مقبولیت اور فروغ میں خدمات انجام دی ہیں۔

 آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی گلوبل رینکنگ میں سعودی عرب اس وقت 24ویں نمبرپر ہے اور یہ رینکنگ کوئی تحفے میں نہیں ملتی اس کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے جو ہم نے کی،سعودی عرب کو 2016میں آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبر کا درجہ حاصل ہوا تھا،سعودی عرب کرکٹ میں بدستور کامیابی کی منزلیں طے کر رہا ہے۔

شیئر: