Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف امیر ترین سیاسی پارٹی

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت سے زیادہ اخراجات ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 22 کروڑ 53 لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ ملک کی امیر ترین سیاسی جماعت ہے۔
تحریک انصاف کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک سال میں پارٹی کے اثاثوں کی مالیت میں نو کروڑ روپے کی کمی آئی ہے۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت سے زیادہ اخراجات ہوئے ہیں۔ رواں سال حکمران جماعت نے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات بتائے ہیں۔
پی ٹی آئی نے رواں سال پارٹی فنڈ کی مد میں 47 کروڑ 14 لاکھ روپے جمع کیے۔ جس میں سے امریکہ سے چھ  کروڑ پچاس لاکھ ، برطانیہ سے چار کروڑ پانچ لاکھ، آسٹریلیا سے 22 لاکھ 15 ہزار،  جبکہ کینیڈا سے نو لاکھ 47 ہزار روپے فنڈز جمع کیے گئے۔
پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروایا گیا ہے کہ پارٹی نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل نہیں کیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق ان کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے جبکہ پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے۔

ن لیگ نے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے فنڈز اکٹھے کیے جبکہ 20 کروڑ کے اخراجات کیے (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہوئے جبکہ دو کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن نے بھی آمدن سے زائد اخراجات کیے۔ مسلم لیگ ن نے ایک  کروڑ 55 لاکھ روپے فنڈز اکٹھے کیے جبکہ 20 کروڑ روپے کے اخراجات کیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی کل مالیت آٹھ  کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔
ایم کیو ایم کے پاس چار کروڑ 19 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ ایم کیو ایم نے چندے کی مد میں چار کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے پاس 90 لاکھ 18 ہزار روپے جبکہ مسلم لیگ ق کے پاس چار کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہوئے (فوٹو: سوشل میڈیا)

شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے پارٹی اکاؤنٹ میں صرف اڑھائی لاکھ روپے موجود ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس دو لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس موجود ہے۔
الیکشن کمیشن کے پاس 125 سے زائد سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جبکہ صرف 82 سیاسی جماعتوں نے اپنی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات جمع کروائی ہیں۔

شیئر: