Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اونٹوں کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال

قصیم میں ہسپتال کی تعمیر پر سو ملین ریال لاگت آئے گی (فائل فوٹو:اے ایف پی)
سعودی عرب کے صوبے قصیم میں اونٹوں کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس پر سو ملین ریال لاگت آئے گی۔
24 نیوز اور العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے بتایا ’اونٹوں کے لیے سلام ہسپتال کا افتتاح جلد ہوگا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا اور جدید طرز کا ہسپتال ہے۔
اس ہسپتال کا مقصد اونٹوں کی افزائش میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کو اونٹوں کے علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

مقامی سرمایہ کاروں کو سلام ہسپتال کا لائسنس جاری کیا گیا تھا (تصویر:سوشل میڈیا)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سیکریٹری مویشی امور ڈاکٹر حمد البطشان نے بتایا ’سلام ہسپتال پروجیکٹ پر تیزی سے کام چل رہا ہے۔ وزارت زراعت اس ہسپتال کے ذریعے مویشیوں کے علاج کی سہولت معیاری انداز میں پیش کرنا چاہتی ہے۔‘
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کا کہنا ہے ’سعودی عرب میں عرب نژاد اونٹ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اس ہسپتال کی بدولت اونٹوں کی افزائش کرنے والے اداروں کو سہولت حاصل ہوگی۔‘
وزارت کے مطابق ’مقامی سرمایہ کاروں کو سلام ہسپتال کا لائسنس جاری کیا گیا تھا۔ کام مکمل ہونے کے بعد یہاں جانوروں کے ڈاکٹر تعینات کیے جائیں گے اور ہسپتال کو چلانے والے کارکن بھی مقرر کیے جائیں گے۔‘
 

شیئر: