Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نعیم الحق کو سپرد خاک کر دیا گیا

نعیم الحق پی ٹی آئی کے بانیوں اور عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نعیم الحق کی تدفین کراچی کے گزری قبرستان میں کردی گئی ہے۔
اس سے قبل نعیم الحق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں واقع مسجد عائشہ میں بعد نمازِ عصر ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت متعدد وفاقی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔ 
 
 

 

خیال رہے  نعیم الحق ہفتے کو کراچی کے آغا خان ہسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔
نعیم الحق کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کا آغا خان ہسپتال کراچی سے علاج ہو رہا تھا۔
ان کا شمار تحریک انصاف کے بانیوں میں ہوتا تھا اور انہیں عمران خان کا سب سے قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا
نعیم الحق کے سیکرٹری مرزا عدیل نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نعیم الحق کا انتقال آغا خان ہسپتال کراچی میں ہوا ہے۔‘
ان کے انتقال پر چیئرمین تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان سمیت پارٹی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان نے اپنی ٹویٹس میں لکھا ہے کہ ’نعیم الحق کا شمار تحریک انصاف کے 10 بانیوں میں ہوتا تھا اور وہ میرے سب سے وفادار ساتھی تھے۔‘
وزیراعظم نے یہ بھی لکھا کہ ’تحریک انصاف کی 23 سالہ جدوجہد کے ہر مشکل مرحلے میں وہ میرے ساتھ رہے اور ڈٹ کر کھڑے رہے۔ وہ کینسر کے خلاف بہت بہادری سے لڑے اور آخری وقت تک کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے رہے۔‘
یاد رہے کہ جولائی 2018 میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کو وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا شمار وزیراعظم عمران خان کے دوستوں میں ہوتا تھا اور وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ نعیم الحق کینسر کے خلاف بہادری سے لڑے۔ وہ دوست ساتھی اور ہمارے بڑے تھے، ہمیشہ یاد رہیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ نعیم الحق پاکستان میں سیاسی کارکنوں کی آبرو تھے، جنہوں نے ساری زندگی جدوجہد میں گزاری۔ ’تحریک انصاف اور پاکستان انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اللہ انہیں جنت میں ارفع مقام عطا فرمائیں۔‘

 

شیئر: